ٹنڈو جام (نمائندہ جسارت) معروف عالم دین مولانا عبدالرحمن فاروقی نے کہا ہے کہ سید مودودیؒ جیسی ہستیاں صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، قرآن کا پیغام سمجھنے کے لیے تفسیر کے ساتھ قرآن کا مطالعہ ضروری ہے۔ نواز شریف اگر قرآن و سنت پر عمل کرتے تو آج انہیں پاناما کیس سے نہ گزرنا پڑتا۔ انہوں نے یہ باتیں آغاز تفہیم القرآن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کے پیغام کو سمجھنے کے لیے قرآن کی تفسیر کا مطالعہ ہر مسلمان پر لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید مودودیؒ نے آسان ارود میں تفہیم القرآن لکھ کر یہ مشکل آسان کر دی ہے، اس کے ذریعے ہم قرآن کے عظیم الشان پیغام کو سمجھ کر اور اس پر عمل کر کے ہم پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ سید مودودیؒ نے جو کام دین کو پھیلانے اور اس کی دعوت عام کرنے کے لیے کیا، آج ہم اس کا تصور بھی نہیں کرسکتے، ایسی ہستیاں صدیوں میں پیدا ہوتی اور یہ پورے عالم اسلام میں پاکستان کی شان اور پہنچان ہیں۔ اگر نواز شریف نے قرآن کریم کو تفسیر کے ساتھ پڑھا ہوتا اور اس کے پیغام پر عمل کیا ہوتا تو آج وہ پاناما لیکس کے مقدمے میں ملوث نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن کا مطالعہ کرکے اس پر عمل کرنا چاہیے اور اس کی دعوت پھیلانے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے، اس سے ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔ اجتماع سے جماعت اسلامی ٹنڈو جام کے سیکرٹری جنرل سلیم قائمخانی، نائب اُمرا اعجاز احمد، حماد علی بہادر اور سہیل شارق نے بھی خطاب کیا۔