ہاشم آملہ کیون پیٹرسن کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑنے کے نزدیک

142

لندن(صباح نیوز)جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز ہاشم آملہ کو ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑنے کے لئے مزید 25 رنز کی ضرورت ہے۔ اس طرح وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کرکٹ کے 24 ویں کھلاڑی بن جائینگے۔ کیون پیٹرسن اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 23 سنچریوں اور 35 نصف سنچریوں کی بدولت 47.28 کی اوسط سے 8181 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ انکا بہترین سکور 227 رنز ہے۔ہاشم آملہ رواں سیریز کے دوران انگلینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں نہ صرف اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 8 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں بلکہ انگلینڈ کے مایہ نازبلے باز جیفری بائیکاٹ کے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی توڑ چکے ہیں۔ہاشم آملہ ٹیسٹ کرکٹ میں 8157 رنز بناچکے ہیں، اس طرح وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے جنوبی افریقہ کے تیسرے پلیئر بن چکے ہیں۔ہاشم آملہ ٹیسٹ کرکٹ میں 26 سنچریوں اور 34 سنچریوں کی مدد سے 49.43 کی اوسط سے 8157 رنز بناچکے ہیں اس دوران انکا انفرادی بیسٹ سکور ناقابل شکست 311رنز ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ میں زیادہ رنز بنانے کا اعزاز جیک کیلس کو حاصل ہے۔ وہ 13206رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں یہ سنگ میل عبور کرلیں گے۔