پی ایس 126:یوسی گجرو گندگی اور غلاظت کا ڈھیر بن گئی،منعم ظفر

139

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوسی گجرو پی ایس 126میںسیوریج لائنوں کی ٹوٹ پھوٹ سے جگہ جگہ گندا پانی اور کیچڑ جمع ہے، سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، پوری یوسی میں جا بجا گندگی اور غلاظت کے ڈھیر ہیں،صفائی کا کوئی انتظام نہیں،اس علاقے سے گزشتہ 15سالوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندے منتخب ہورہے ہیں جبکہ بلدیاتی انتخابات میں بھی اسی جماعت کے نمائندے منتخب ہوتے ہیںجو الیکشن کے بعد غائب ہوجاتے ہیں، صوبے میں انہی کی حکومت ہے لیکن اس کے باوجود علاقے کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے زون گجرو علاقہ محمدی گوٹھ میں عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گندگی، ٹوٹی سڑکیں اور پانی کی قلت اس علاقے کی پہچان بن چکی ہے، ان مسائل کے باعث یوسی گجرو کے عوام بے پناہ مشکلا ت سے دوچار ہیں،ایسے میںہمیشہ کی طرح جماعت اسلامی آج بھی عوام کے ساتھ ہے اورجماعت اسلامی علاقے کے مخلص اورخیرخواہ افراد کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کیلیے ہر ممکن حد تک بھرپور جدوجہد کرے گی۔ اس موقع پرامیر جماعت اسلامی زون گجرومقصود احمد ملک نے اپنے خطاب میںکہا کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے یوسی سے منتخب کونسلر اور چیئرمین کو ان مسائل کی جانب متوجہ کیاگیا ،لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی عرصہ دراز سے اس علاقے کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی بلکہ مسائل میں اضافہ ہی ہوا ہے یہاں کے منتخب صوبائی و بلدیاتی نمائندو ں اورصوبائی حکومت کو عوامی مسائل کے حل کرنے میںکوئی دلچسپی نہیںہے، ہمیں خود مل کر اس علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہوگا۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے حاجی بخت منیر ،مقامی سماجی رہنماحاجی طور خان، سومار برفت، عبدالستار برفت ،بشیر احمداور محمد جعفر بھی موجود تھے،عشایے میں علاقہ مکینوں کی بڑ ی تعداد موجود تھی۔