ضلعی الیکشن کمیشن کے تحت ووٹر زکی آگاہی کے لیے واک

172

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ضلعی الیکشن کمیشن کی انتظامیہ کی زیر نگرانی ہفتہ کے روز مختلف مقامات پر ووٹرز کی آگاہی کیلیے واک کا اہتمام کیا گیا، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کراچی سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کراچی سینٹرل کی مشترکہ کاوشوں سے ہفتہ کے روز ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے ایک علامتی واک کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مختلف مکتبہ فکر اور شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واک کا مقصد عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ واک میں شریک مختلف شرکا کا کہنا تھا کہ ووٹ ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اس لیے ہم سب کو بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کو چاہیے کہ آئندہ عام انتخابات میں تمام جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ اپنے ووٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ دریں اثنا ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کراچی ایسٹ تابندہ خلیق کی سربراہی میں الیکشن2018 ء کے سلسلے میںووٹر آگاہی کیلیے واک منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر واک کے شرکاء نے الیکشن 2018ء کے سلسلے میں رجسٹریشن اور دیگر معلومات کے حوالے سے بینرز اور پینا فلیکس اٹھائے ہوئے تھے ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کراچی ایسٹ نے اس موقع پر کہا کہ واک کا مقصدعوام میں الیکشن کے دوران ووٹ کاسٹ کرنے کے حوالے سے شعور اور آگاہی فراہم کرنا ہے، واک میں چیئرمین و وائس چیئرمین بلدیہ شرقی یوسیز چیئرمین ، وائس چیئرمین، خواتین کونسلرز اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔