بلدیہ عظمیٰ‘ ترقیاتی کاموں کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ

132

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ کونسل ممبران کے تجویز کردہ ترقیاتی کاموں کو فوقیت دی جائے ، رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی اور پروکیورمنٹ کمیٹی بنائی جارہی ہے، یوسی چیئرمین اپنے علاقے کی ضروریات اور ترجیحات سے آگاہ کریں تاکہ ان کاموں کو پہلے انجام دیا جائے، یہ بات انہوں نے یونین کونسلوں میں ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن محمود، میئرکراچی کے مشیر فرحت خان، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب، ڈائریکٹر یونین کونسل ایس ایم طٰہٰ اور دیگر افسران موجود تھے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام یونین کونسلوں میں یکساں طور پر ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد شروع کیا جائے تاکہ شہر کے تمام علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں اور شہریوں کے مسائل حل ہوں، یونین کونسلوں میں اے ڈی پی کے تحت انجام پانے والے کاموں کے لیے جلد از جلد پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ ان کاموں کو فوری شروع کیا جاسکے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو بروقت اور عمدہ معیار کے ساتھ مکمل کرنا ہماری ترجیح ہے اور اسی لیے ان کاموں کی نگرانی کے لیے کونسل کے منتخب اراکین پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ منصوبوں کے لیے ٹینڈر کے عمل اور دیگر متعلقہ امور شفاف طریقے سے انجام دینے کے لیے سرکاری افسران پر مشتمل پروکیورمنٹ کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ ٹینڈر کے عمل کی مانیٹرنگ کمیٹی بھی نگرانی کرے گی اس طرح ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شکوک شبہات کا خاتمہ ہوگا اور تمام کام متعلقہ یوسی انتظامیہ اور سرکاری افسران کے باہمی تعاون سے انجام کو پہنچیں گے، انہوں نے کہا کہ یونین کونسلیں اپنی حدود میں شہریوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ وہ کون سے کام ہیں جنہیں فوری انجام دینے سے شہریوں کے مسائل میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے ،لہٰذا وہ اپنی ترجیحات اور ضروریات سے آگاہ کرتے ہوئے اس حقیقت کو پیش نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہر میں ترقی اور خوشحالی کے لیے یونین کونسلیں بنیادی اکائی کا درجہ رکھتی ہیں جن کی ترقی پر ضلع کی ترقی کا انحصار ہوتا ہے اس لیے ہم نے یونین کونسلوں کو خواہ وہ شہر کے کسی بھی علاقے میں واقع ہوں یکساں بنیاد پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقیاتی کاموں کیلئے بنائی جانے والی مانیٹرنگ اور پروکیورمنٹ کمیٹی کے اراکین اپنی ذمے داریاں پوری ایمانداری اور خلوص دل کے ساتھ نبھائیں گے اور اس کے نتیجے میں کراچی میں شروع ہونے والا ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری و ساری رہے گا اور اس سے شہریوں کو روز مرہ زندگی میںفوائد حاصل ہوںگے۔