ظفر حجازی کا 4روزہ ریمانڈ‘ پمز اسپتال کا حوالے کرنے سے انکار

99

اسلام آباد (آن لائن+صباح نیوز) چودھری شوگر مل ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میںایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر الحق حجازی کی ضلعی عدالت اسلام آباد نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرلی جبکہ پمزاسپتال نے ظفر حجازی کو حوالے کرنے سے انکار کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق ظفر حجازی کو سینئر سول جج محمد شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پرظفر حجازی کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں، وہ بیمار ہیں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ظفر حجازی پر چودھری شوگر مل کا ریکارڈ ٹمپر کرنے کا الزام ہے۔ انہوں کا اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے اور ماتحت اسٹاف پر ریکارڈ ٹمپرنگ کے لیے دبائو ڈالا ہے، ایف آئی اے کی جانب سے ملزم سے مزید تفتیش کے لیے 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر ظفر حجازی کے وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ظفر حجازی نے ریکارڈ ٹمپر کرنے کے لیے کسی پر دبائو نہیں ڈالا، وہ علیل بھی ہیں جبکہ معاملے کا ریکارڈ بھی قبضے میں لیا جا چکا ہے لہٰذا جسمانی ریمانڈ کی استدعا رد کی جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ دوسری جانب پمزاسپتال نے ظفر حجازی کو ایف آئی اے کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ اسپتال کے وائس چانسلر ڈاکٹرجاوید اکرام نے کہاہے کہ ظفرحجازی کی طبیعت انتہائی ناساز ہے انہیں کسی صورت ڈسچارج نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے دل کا ٹیسٹ مثبت آیاہے جبکہ انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کیا جارہا ہے۔آئندہ 24گھنٹے انتہائی اہم ہیں اسی وجہ سے انہیں اسپتال سے گھر یا جیل منتقل نہیں کیا جائے گا۔