پاناماکیس کا فیصلہ منگل تک آجائے گا‘ پی ٹی آئی صبر سے کام لے‘ خورشید شاہ

104

سکھر(صباح نیوز)اپوزیشن لیڈر سیدخور شیدشاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کا استعفا صرف پیپلز پارٹی کا نہیںبلکہ پوری قوم کا مطالبہ ہے، استعفا دینا یا نہ دینا وزیراعظم کی مرضی اور سیاست ہے تاہم اگر نواز شریف گئے تو عمران خان بھی پکے جائیں گے،جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 میں بہت کچھ ہے، بولنا اور اسے ثابت کرنا الگ الگ چیز ہے،امید ہے پاناما کیس کا فیصلہ پیر یا منگل تک آجائے گا،فیصلہ آنے تک کچھ بولنا نہیں چاہیے، پی ٹی آئی کوبھی یہی کہتے ہیں کہ فیصلہ آنے تک انتظار کرے اور صبر سے کام لے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاناما فیصلے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پریشرنے اینٹی بائیوٹک کاکام کیاہے، حکومت کا پریشر چودھری نثار کے لیے اینٹی بائیوٹک ہے، اللہ چودھری نثار کو درد سے نجات دلائے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین کی ہڑتال میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے،حکومت ڈرائیوروں سے مذاکرات کرے۔سندھ میں نیب آرڈیننس کی منسوخی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ نیب کے جتنے کیسز ہوتے ہیں وہ سندھ میں ہوتے ہیں،پنجاب میں نیب چپ ہو گیا ہے،عدالت عظمیٰ کے نیب سے متعلق ریمارکس سب کے سامنے ہیں ،خیبرپختونخوا میں بھی نیب نہیں اور اب سندھ میں بھی نہیں رہے گا، گورنر سندھ کے پاس اسمبلی کے منظور کردہ بل کو مسترد کرنے کا اختیار ہے لیکن ان کے پاس تیسری مرتبہ بل جائے گا تو خود ہی قانون بن جائے گا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آج سیاستدان کرپشن کی وجہ سے بدنام ہورہے ہیں۔