پاناماکیس میں وزیراعظم 50عمران خان 100فیصد فارغ ہونگے‘ جاوید ہاشمی

124

ملتان (آن لائن) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں وزیراعظم 50، عمران خان 100 فیصد فارغ ہوںگے‘ ادارے سیاست میں مداخلت نہ کریں‘ چودھری نثار کو پارٹی نہیں وزارت چھوڑ دینی چاہیے‘ نواز شریف اپنا سرمایہ ملک میں رکھیں‘ فارورڈ بلاک بنا کر وزیراعظم کی طرح پروٹوکول نہیں چاہتا‘ عمران خان کو ہمیشہ کسی کے کہنے پر حکومت پر چڑھائیاں کرنے سے منع کیا۔ ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ چودھری نثار کہتے ہیں کہ نواز شریف اداروں سے ٹکرائو کی بات نہ کریں تاہم میں کہتا ہوں کہ ادارے مداخلت ہی نہ کریں‘چودھری نثار پارٹی نہیں چھوڑیں گے‘ میں کبھی فارورڈ بلاک بنا کر وزیر اعظم کی طرح پروٹوکول نہیں چاہتا‘ میں نظریاتی سیاست پر یقین رکھتا ہوں اور ایم این اے کی نشست بھی اسی لیے چھوڑی تھی۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو بھی کہتا ہوں سرمایہ پاکستان میں رکھیں‘ فارورڈ بلاک بنانا سیاسی سازش ہوتی ہے‘ میں کسی بھی سیاسی جماعت میں فارورڈ بلاک کی حمایت نہیں کرتا‘ عمران خان کو ہمیشہ کہا کہ کسی کے کہنے پر چڑھائیاں نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہہمارے اداروں کو سیاست میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے ‘ موجودہ صورتحال میں مائنس نواز نہیں بلکہ مائنس’’فور‘‘دیکھ رہا ہوں‘ پاناما کیس کا فیصلہ ففٹی ففٹی لیکن عمران تو100فیصد سیاست سے فارغ ہو جائیں گے۔