بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے عوام کا تعاون درکار ہے‘ میئرکراچی

92

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ شہر کے مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں، ہمیں اپنے ریونیو کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں، بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے عوام کا تعاون درکار ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کے ایم سی بلڈنگ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس ، سٹی کونسل کی مالیات کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکس رضا عباس رضوی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے عوام میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکس کے بل بروقت ادا کریںتاکہ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکس سے وصول ہونے والی رقم شاہراہوں پر روشنی کا انتظام، فلائی اوورز، انڈرپاسز کی تعمیر و مرمت ،اسپتالوں ، جراثیم کش اسپرے،ڈینگی اور ملیریا جیسے امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکس کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے اور بروقت بل کی تقسیم کا طریقہ کار بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بل کی ادائیگی میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دنوں میں برساتی پانی کی نکاسی کی خدمات میں اس ٹیکس سے فائدہ اٹھایا جائے گا، اس ٹیکس سے شہر میں تفریح و طبع کے لیے پارکس کی تعمیر و ترقی کا کام بھی کیا جائے گا،عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو خدمات، گھروں، فیکٹریوں اور کارخانوں میں لگنے والی آگ کے لیے فائربریگیڈ کی خدمات میں اس ٹیکس سے وصول ہونے والی رقم استعمال میں لائی جائے گی۔