وزیراعلیٰ بلوچستان کا گھوسٹ ملازمین کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

393

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری نے صوبے میں گھوسٹ اسکولوں، ڈسپنسریوں، اسپتالوں، تعلیم، صحت اور مواصلات سمیت دیگر محکموں میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف فوری طورپر کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ گھوسٹ اداروں اور ملازمین کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اوران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے تمام ڈویژنل کمشنروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعلیم، صحت اور مواصلات کے محکموں کے ضلعی حکام کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے گھوسٹ اداروں اور ملازمین کیخلاف تفصیلی رپورٹ مرتب کریں اوران کے خلاف فوری طورپر عملی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے ضلع خضدار سے گھوسٹ اداروں اور ملازمین کے خلاف اقدامات کا آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کمشنر قلات ڈویژن کو اس حوالے سے بھرپور کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے معائنہ ٹیم کو صوبے کے طول وعرض میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی فزیکل چیکنگ اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اربوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، لہٰذا ان منصوبوں کو کاغذوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں زمین پر نظر آنا چاہیے تاکہ عوام تک ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات پہنچیں، ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کے ضیاع یا ان میں بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ حکام اپنے اپنے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے جوابدہ ہیں۔