جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن کا دوسرا مرحلہ20 اگست کو ہوگا

180

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) امیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میںجے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے پہلے مرحلے کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے بعد اب 20 اگست کو دوسرا مرحلہ ہوگا۔جس میںراولپنڈی شہر اور کینٹ کی 20 یونین کونسلوں میں جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے دوسرے مرحلے کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میںجماعت اسلامی کے زونل اُمراء اور جے آئی یوتھ کے عہدیداران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں جے آئی یوتھ کے دوسرے مرحلے کے انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ضلعی جنرل سیکرٹری اور جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے ریٹرننگ آفیسر ضیا اللہ چوہان نے دوسرے مرحلے کے الیکشن شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کاغذات نامزدگی 26 جولائی کو ہوگی ۔جانچ پڑتال 27 اور 28 جولائی جبکہ کاغذات واپس لینے کی تاریخ 29 جولائی مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حتمی فہرست یکم اگست کو شائع کی جائے گی ۔جبکہ انتخابی نشانات کے لیے درخواست اور نشان الاٹمنٹ کا عمل 2 سے 4 اگست تک مکمل کیا جائے گا۔ ان شاء اللہ صاف شفاف اور غیر جانب دارانہ انتخابات کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔