قطری بحران: جدہ اور کویت کے بعد ترک صدر دوحہ پہنچ گئے

156

دوحہ (انٹرنیشنل ڈیسک) عرب ممالک اور قطر کے مابین تنازع کے حل کے لیے سرگرم ترک صدر رجب طیب اردوان سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، اور کویت کے امیر سے ملاقات کے بعد گزشتہ روز قطر پہنچ گئے جہاں ہوائی اڈے پر امیر قطر اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ قبل ازیں ترک صدر اِردوان نے اتوار کے روز کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے حالیہ تنازع کے موضوع پر تفصیلی بات چیت کی اور اس سے پہلے جدہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات، خطے کی صورت حال کے حوالے سے پیش رفت اور دہشت گردی اور اس کی فنڈنگ کے ذرائع کے انسداد کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر اردوان نے قطر کے بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے زور دیا کہ اختلافات کو پر امن طریقے سے اور بات چیت کے ذریعے حل کیائے ۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے بحران کا طول پکڑنا کسی بھی جانب کے لیے فائدہ مند نہ ہو گا۔ صدر اردوان اتوار کے روز جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچنے تو ان کے استقبال کے لیے مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل اور کابینہ کے رکن اور وزیر مملکت ڈاکٹر ابراہیم العساف بھی موجود تھے ۔