تھر میں آر او پلانٹس نصب کیے جارہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

132

کراچی( اسٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پانی کی قلت والے علاقوں بالخصوص تھر میں جہاں پر پانی کی سطح بہت نیچے ہے اور ٹی ڈی ایس کی شرح بہت زیادہ ہے, وہاں پر آر او پلانٹس نصب کیے جارہے ہیں تاکہ پینے کے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے مگر ہماری ان کاوشوں پر تنقید کی جارہی ہے کیونکہ پلانٹس اپنی گنجائش کے مطابق کام نہیں کررہے ہیں اور اس طرح سے ہماری کاوشوں پر پانی پھرجاتا ہے۔انہوں نے یہ بات پیر کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں ریورس اوسموس(آر او)پلانٹس کی تنصیب اور انہیں سولر انرجی پر منتقل کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ان کے پاس رپورٹس ہیں کہ چند پلانٹس کام کرنے میں ناکام رہے ہیں اور چند کو گنجائش کے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کو ٹیکنیکل اور سائٹیفک طریقوں سے حل کرنا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ اسپیشل انیشیٹیو زاعجاز علی خان نے پریزنٹیشن دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 2015-2012 ء کے دوران 2.44بلین روپے کی لاگت سے 500پلانٹس لگائے گئے ،دوسرے مرحلے میں 4بلین روپے کی لاگت سے 750آر او پلانٹس نصب کیے جارہے ہیں۔