گورنر کے اعتراضات مسترد‘ سندھ اسمبلی نے نیب کو غیر موثر کرنے کا بل پھر منظور کرلیا

148

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)سندھ اسمبلی نے گورنر محمد زبیر عمر کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے قومی احتساب آرڈیننس 1999ء کی منسوخی کے بل کو کثرت رائے سے دوبارہ منظور کر لیا ہے ۔پیر کو سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے قومی احتساب آرڈیننس 1999 ء کی منسوخی کے بل پر گورنر سندھ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اسپیکر نے اس پیغام پر رائے شماری کرائی۔ اپوزیشن نے گورنر سندھ کے پیغام کی حمایت کی جب کہ سرکاری ارکان نے اسے مسترد کر دیا۔ اپوزیشن کے احتجاج اور دلائل کے بعدنثار کھوڑو نے اس بات سے اتفاق کیا کہ بل کی دوبارہ منظوری کے لیے ارکان کو بحث کا موقع دیا جائے اس کے بعد بحث کا آغاز ہو۔ اپوزیشن ارکان نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی کرپشن کو تحفظ دینے کے لیے نیب ،ایف آئی اے اور دیگر اداروں کوسندھ میں کارروائی سے دور رکھنا چاہتی ہے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کرپشن تو سب سے بڑا اور اہم مسئلہ ہے لیکن نیب نے ہمارے ساتھ بہت زیادتی کی، 10کروڑ روپے ریکور کرکے ڈھائی کروڑ روپے اپنی جیب میں ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے قوانین قومی اسمبلی بنائے تو ٹھیک ہے ہم بنائیں تو غلط ،ایسا کیوں. ہے؟۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے 1999ء میں ایمرجنسی کا سہارا لے کر یہ قانون بنایا تھا لیکن ہم جو کچھ کر رہے ہیں آئین کے مطابق کر رہے ہیں۔ قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی مرضی کی تشریح کر رہی ہے ،کچھ قوانین ایسے ہیں جن پر صوبے قانون سازی نہیں کر سکتے، اس بل کے خلاف ہم عدالت جائیں گے۔