پاکستان میں سیاسی عدم استحکام ہے ، قائم مقام جرمن سفیر

172

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی جمہوریہ جرمنی کے قائم مقام سفیر ڈاکٹر ٹیلو کلینر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام ہے ،تاہم امن وامان کی بہتری کی وجہ سے جرمن سرمایہ کار وں کے لیے پر کش مواقع ہیں ،وہ جرمن پاکستان چیمبر آف کامرس کے ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے بعد چندصحافیوں سے بات چیت کررہے تھے،واضح رہے کہ ڈاکٹر کلینر اس سے قبل کراچی میں جرمن قونصل جنرل کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں،بات چیت کے موقع پر (جی پی سی سی آئی)کے صدر قاضی ساجد علی ،اہم رہنماء کلیم فاروقی ودیگر عہدیداران بھی موجود تھے،جرمن سفیر نے مزید کہا کہ جرمنی سی پیک منصوبے کے لیے اپنی ٹیکنالوجی فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے ،اگر چہ سی پیک کے منصوبے میں اہم سرمایہ کاری چین کی ہے ،اس سلسلے میں متعدد جرمن کمپنیز سی پیک پروجیکٹ میں کام کرنے کے لیے رابطہ میں ہیں ،ڈاکٹر کلینر نے مزید کہا کہ جرمن لاجسٹک انفرا اسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے ،انہوں نے کہا کہ جرمنی دیگر متبادل تونائی ،سولر انرجی ،ونڈ انرجی کے پراجیکٹس میں ایڈوانس ٹیکنالوجی فراہم کرسکتا ہے ۔،اس سلسلے میں کچھ اندرون سندھ پراجیکٹ پر کام شروع کیا جاچکا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں یورپی یونین میں دیگر ایشیاء کی ممالک سے آگے ہے ،اس کے علاوہ جی ایس پی پلس کے تحت چھوٹے سائز کے پانی سپلائی کی منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ،ڈاکٹر کلینر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی تا لاہور فاسٹ ٹرین منصوبے پر بھی کام کیا جاسکتا ہے ،اس لیے جرمن ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ کہنا مشکل ہوگا کہ جرمن سرمایہ کاروں کو کہاں زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہیے ،تاہم پنجاب اور سندھ میں زیادہ سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔