آئی جی نے مویشی منڈیوں میں حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی

121

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ نے سپرہائی وے سمیت صوبے بھر میں قائم تمام مویشی منڈیوں میں سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی، اے ڈی خواجہ نے پولیس کو جاری رہنما ہدایات میں کہا ہے کہ سپرہائی وے سمیت صوبے میں باقاعدہ اجازت کے تحت قائم مویشی منڈیوں پر ٹھوس اور فول پروف سیکورٹی اقدامات پر مشتمل کنٹی جینسی پلان کی ترتیب اور فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ سپرہائی وے مویشی منڈی کو جانے اور آنے والے تمام مرکزی راستوں،ذیلی راستوں سمیت اطراف کے علاقوں کا تھانوں کے لحاظ سے سروے کیا جائے اور جرائم سے ممکنہ طورپر متاثرہ علاقوں میں باقاعدہ سرویلنس اور نشاندہی کے تحت کامیاب چھاپا مار کارروائیوں کو یقینی بنایا جائے۔مویشیوں کولے کر جانے والی مختلف گاڑیوں، مویشیوں کے بیوپاریوں اورخریداروں کی سیکورٹی کے لیے ہائی ویز ودیگر شاہراہوں پرتھانوں کی سطح پر پیٹرولنگ پکٹنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کو مزید سخت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے تحفظ کے لیے عارضی پولیس پکٹس کے قیام کے علاوہ پارکنگ لاٹس پربھی سیکورٹی اور ٹریفک کے جملہ اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے ۔