غیرملکی ایجنسیاں دھماکے کرارہی ہیں‘ آرمی چیف

389

لاہور(خبرایجنسیاں) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں حالیہ دہشت گردی میں ملوث ہیں ، دہشت گردی کو پالیسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں اہم سیکورٹی اجلاس ہوا جس میں انہیں لاہور دھماکے اور آپریشن رد الفساد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔جنر ل باجوہ کا کہنا تھا کہ لاہور دھماکے جیسے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے،دہشت گردی کی لعنت کوجڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں، عوام کی مدد سے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے تمام ذرائع اور روابط ختم کریں گے۔ پاک فوج پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے خلاف ہم سب متحد ہوکر لڑیں گے اور اس لعنت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے عوام کاتعاون ضروری ہے، عوام مشکوک نقل و حرکت سے سیکورٹی اداروں کو فوری طور پر آگاہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور افغانستان یکساں طور پر دہشت گردی کا شکار ہیں،یہ عناصر افغانستان کو جب تک اپنے منفی مقاصد کے لیے استعمال کرتے رہیں گے مشکلات رہیں گی ،پاکستان افغانستان کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنے کے لیے مددکوتیارہے،ہم نے پہلے ہی اپنی طرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کر دیا ہے، اب افغانستان کو بھی اپنی سرحدپر اس طرح کے اقدامات کرنے چاہئیں۔قبل ازیں آرمی چیف نے لاہور جنرل اسپتال جاکر زخمیوں کی خیریت دریافت کی ۔