بھارت نے سارک منشور کیخلاف کام کیا‘ نواز شریف‘ مالدیپ سے متعدد معاہدوں پر دستخط

130

مالے(خبرایجنسیاں)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ بھارت نے سارک کے منشوراوراہداف کے منافی کام کیا، مالدیپ کے صدر اسلام آباد میں سارک اجلاس کے حامی ہیں اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے سارک کوفعال ہوناضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالے میں مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔نوازشریف نے کہا کہ باہمی مفادکے تمام شعبوں میں مالدیپ سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں،دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں گے،پاکستان مالدیپ میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے مددکرے گا، کھیل،صحت‘ تعلیم اورا نسداد منشیات پر تعاون بھی جاری رہے گا، تجارت بڑھانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کوفعال کیا جائے گا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی عوام مالدیپ کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں، پاکستان امن واستحکام کے لیے مالدیپ کے وژن کوسراہتاہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مالدیپ کے یوم آزادی کی تقریبات میں بطورمہمان خصوصی شرکت باعث مسرت ہے۔اس موقع پر مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان دیرینہ اورقابل اعتبار دوست ملک ہے، مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس کی استعدادکاربڑھانے کے لیے تعاون پر پاکستان کا شکرگزارہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سیاحت اورعوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دیں گے اور اس کے علاوہ نوجوانوں کی صلاحیتوں پر بھی تو جہ دی جائے گی۔قبل ازیں نوازشریف مالدیپ پہنچے تو انہیں 7توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنربھی پیش کیا گیا۔ پاکستانی وفد میں سابق وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید بھی شامل ہیں۔