مجید نظامی نے صحافت کے ذریعے نظریہ پاکستان کادفاع کیا،گورنر

146

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معروف صحافی مجید نظامی محب وطن پاکستانی تھے جنہوں نے صحا فت کے ذریعے نظریہ پاکستان کا نہ صرف پرچار بلکہ دفاع بھی کیا ، ہمیشہ انتھک محنت اور لگن سے کام کو اپنا وتیرہ بنائے رکھا ، بے باک ، نڈر اور ذمہ دارانہ صحافت کے امین رہے ،نوجوان صحافیوں کے لیے مجید نظامی ایک رول ماڈل ہیں ، نوجوان کو ان کے طرز زندگی اور اصولوں سے سیکھنا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رہبر صحافت معمار ندائے ملت گروپ، چیئر مین نظریہ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی کی تیسری برسی کے موقع پر نوائے وقت گروپ کی جانب سے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے صدر دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا ۔ تقریب میں میئر کراچی وسیم اختر ، اے پی این ایس کے صدر سید سرمد علی ، سینئر نائب صدر قاضی اسد عابد ، میاں مجید نظامی ، محمود شام ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خا لد مقبول صدیقی ، امین الحق ، جماعت اسلامی کے نائب امیر اسداللہ بھٹو ، تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ ،آباد کے چیئر مین محسن شیخانی سمیت ایڈیٹر ز ، دانشور ، ادیب ،صحافی اور قلمکار وں کی بڑی تعداد شریک تھی۔