کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کے ایم سی کے تحت قائم المرکز اسلامی فیڈرل بی ایریا بلاک 7کی عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق اس کی اصل دینی اور اسلامی حیثیت میں مکمل بحالی تک جدو جہد جاری رہے گی اور اس سلسلے میںآج شام5:30بجے المرکز اسلامی کے سامنے احتجاجی دھر نا دیا جائے گا ۔احتجاجی دھر نے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق المرکز اسلامی کی اصل دینی اور اسلامی حیثیت میں بحالی کی جانب پیش رفت کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ کام بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا ،عدالت عظمیٰ کی جانب سے دی گئی 15دن کی مدت پوری ہو چکی ہے ۔اس میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ المرکز اسلامی کے اندر کلمہ طیبہ اور قرآنی آیات کو مٹانے اور چھپانے کا عمل بہت بڑا جرم اور اللہ تعالی کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف تھا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ بحالی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے اور تمام غیر اخلاقی اور غیر قانونی اشیا یہاں سے ہٹائی جائیں ۔اگر ایسا نہ کیا گیا اور فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیری حربے استعمال کیے گئے تو یہ معزز عدالت کی حکم عدولی اور توہین عدالت کے مترادف ہو گا جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ حافظ نعیم الرحمن کی درخواست پر ازخود نوٹس کے بعد زیر سماعت مقدمے میں عدالت عظمیٰ نے 7جولائی کو المرکز اسلامی کے اندر قائم منی سینما ہائوس اور شادی ہال کو ختم کر کے اس کو سابق حیثیت میں بحال کر نے کا واضح حکم دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے میں اس مرکز کو سینما ہائوس میں تبدیل کر نے اور تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کر نے کے عمل میں ملوث کے ایم سی کے افسران کے خلاف کارروائی کر نے، ان کا کیس نیب کے حوالے کر نے اور ٹھیکیدارکے خلاف بھی تادیبی کارروائی کرتے ہوئے 15دن کے اندر یہ کارروائی مکمل کر کے عدالت عظمیٰ میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھااور یہ مدت پوری ہوئے 4دن ہو چکے ہیں ۔