کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں‘ڈاکٹر مہاتیر محمد

362

اسلام آباد (اے پی پی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سابق امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی جانب سے دیے گئے ظہرانے کے موقع پر انہیں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر ،تحریک آزادی کشمیریوں کی قربانیوں ،کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور مظالم کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے ملائیشیا کے سابق وزیراعظم کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بھارت پر دبائو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے کہا کہ کشمیری امت مسلمہ کا حصہ ہیں،نریندر مودی انہیں مسلمان ہونے کی سزادے رہا ہے اس لیے عالمی اور اسلامی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے ،اس موقع پر ڈاکٹر مہاتیر محمد نے یقین دلایا کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے، ملائیشیا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بھرپور تعاون کرے گا ۔