فضل محمود کرکٹ محمد حسین کلب نے چیمپئین کا اعزاز حاصل کرلیا

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد حسین سی سی کے سی سی اے زون3کی چمپئن بن گئی جب پی سی بی فضل محمود کلب کرکٹ چمپئن شپ زون3کے فائنل میں رائیل سی سی کی مضبو ط ٹیم کو 8رنز سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔ فاتح ٹیم کے 177رنز کے جواب میں رائل سی سی 169رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عاقب رضوی اور عارف خان کی 65,65رنز کی شاندار اننگز۔عرفان الدین نے 3کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ اعجاز شاہ کے 33رنز اور ذیشان جمیل کی 4وکٹیں رائیل سی سی کے کام نہ آسکیں۔قبل ازیں ظہیر احمد شیخ،صدر رائل سی سی نے گیند کو ہٹ لگا کرفائنل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کے سی سی اے زون 3کے صدر محمد رئیس، سیکریٹری محمد یامین ،محمد اصغر ، عتیق احمد ودیگر بھی موجود تھے۔ ٹی ایم سی گراؤنڈ پر کھیلے گئے فائنل میں محمد حسین سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا او 39.3اوورز میں 177رنز بنا کرپوری ٹیم نے پویلین کی راہ لی۔ عاقب رضوی نے 3چھکوں اور 2چوکوں جبکہ عارف خان نے 5چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 65,65رنز اسکور کئے۔ ذیشان جمیل نے 19اور محمد علی یوسف نے 25رنز کے عوض حریف ٹیم کے 4,4بلے بازوں کو نشانہ بنایا۔رائیل سی سی کی جوابی اننگز 169رنز پر تمام ہوگئی جب 40.5اوورز پوری ٹیم کی پویلین واپسی ہوگئی۔اعجاز شاہ نے 4چوکوں اور 2چھکوں کی بدولت 33رنز کی بھرپور مزاحمتی اننگز کھیلی۔ تنویر الحق نے 32رنز میں 4چوکے جبکہ عدنان بیگ کے 29رنز ایک چھکے اور ایک چوکے کی مرہون منت تھے۔ عرفان الدین نے 37رنز پر 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ نقاش مہدی کو 29رنز کے عوض 2وکٹیں ملیں۔
امپائرز محمداصغر اور عرفان حبیب جبکہ آفیشل اسکورر خیام مصطفی تھے۔