فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ،وزیراعظم کے لئے اپنا امیدوار لائیں گے،بلاول

155

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں،پاناما لیکس کے فیصلے سے کسی جماعت کی نہیں بلکہ پاکستان اور عوام کی فتح ہوئی ہے،ملک میں کوئی جوڈیشل مارشل لا نہیں لگا ہے،موجودہ اسمبلیوں کو اپنی مدت مکمل کرنی چاہیے، پیپلزپارٹی اپوزیشن سے مشاورت کے بعد وزیراعظم کے لیے اپنا امیدوار نامزد کرے گی،نواز شریف سمیت جن پر الزامات ہیں ان کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں،میں نے مٹھائی نہیں کھائی ہے،ڈکٹیٹروں سمیت کرپشن کے تمام مقدمات پر بھی فیصلہ جلد ہونا چاہیے، بے نظیر بھٹو نے کہا تھا نواز شریف ایک دن روئیں گے اور مجھے اور میرے والد کویاد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلاول ہاؤس میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی ،خورشید شاہ ،اعتزاز احسن ،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔قبل ازیں بلاول ہاؤس میں ایک مشاورتی اجلاس بھی ہوا جس میں پاناما کیس کے فیصلے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی اور جمہوری نظام مضبوط ہوگا۔ موجودہ اسمبلیوں کو اپنی مدت مکمل کرنی چاہیے۔۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد سب کا بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے اور ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ اس حوالے سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے اور احتساب کے لیے نئی قانون سازی جلد از جلد ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وزیراعظم کے عہدے کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کرے گی اور ہم اپنا امیدوار وزیراعظم کے عہدے کے لیے سامنے لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے ایک موقع پر کہا تھا کہ نوازشریف ایک دن روئیں گے اور مجھے اور میرے والد کو یاد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آمروں کے خلاف بھی مقدمات قائم ہیں ان کے فیصلے بھی جلد از جلد ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے مٹھائی نہیں کھائی ہے۔ہم اپنی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کا اعلان کریں گے اور ملک بھر میں جلسے کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول کا کہنا تھا کہ نیب کے ریفرنس کی نگرانی عدالت عظمیٰ کرے گی اور ہمیں امید ہے کہ قانون کے مطابق مقررہ مدت میں فیصلے کر لیے جائیں گے۔