شریف خاندان اربوں روپے کی چوری میں پکڑا گیا،فردوس شمیم

178

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے متفقہ فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ شریف خاندان اربوں روپے کی چوری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔ آج کا فیصلہ واقعی کئی دہائیوں تک یاد رکھا جائے گا۔ آج ایک نئی صبح کا آغاز ہوگیا ہے۔ چیئرمین عمران خان نے 21سال پہلے کرپشن کے خلاف جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا ، آج اس کا ثمر ملنا شروع ہوگیاہے۔ اس اہم فیصلے سے پاکستانی عوام کی جیت ہوئی ہے۔ پاکستانی قوم کے خون پسینے کے ٹیکس کے پیسے لوٹنے والوں کا مستقبل ہمیشہ کے لیے تاریک ہوگیا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی میں عدالت عظمیٰ سے فیصلہ آنے کے لیے جمع ہونے والے عہدیداران، کارکنان اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ کرپشن کے شہنشاہ شریف خاندان کو منطقی انجام تک پہنچانے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، پی ٹی آئی کارکنان اور پاکستانی عوام کا کلیدی کردار رہا ہے۔ آج پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان نے بھنگڑے بھی ڈالے اور پورا انصاف ہاؤس عمران خان زندہ باد ، تحریک انصاف زندہ باد ، گو نواز گو، مک گیا تیرا شو نواز گو نواز گو نواز کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا ۔ڈھول کی تھاپ پر کارکنان نے بھنگڑے ڈالے اور ایک دوسرے کو مبارکباد اور مٹھائیوں کے ٹوکرے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماؤں انجینئر نجیب ہارون، عزیزاللہ خان آفریدی،سردار عزیز، دوا خان صابر ، سبحان علی ساحل، عطا اللہ ایڈووکیٹ ، سرور راجپوت ،مختار شاہ، میر صاحب ، محمد جاوید ، ارسلان مرزا اور دیگر رہنماؤں نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کیے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ایک طاقتور خاندان کو کرپشن اور لوٹ مار کے کیس میں دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ملک کے وزیر اعظم اور اہم وفاقی وزرا عرب ممالک کے شیخوں کے نوکر ہوں اس ملک کی کیا عزت ہوگی۔ ہمارے کرپٹ حکمرانوں نے لوٹ مار اور کرپشن سے پاکستانی قوم کا پوری دنیامیں سر شرم سے جھکا دیا تھا لیکن آج آزاد عدلیہ نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان میں آج بھی دیانت دار اور ایماندار لوگ موجود ہیں۔
فردوس شمیم