سری لنکا نے اہم بندرگاہ چین کو دے دی

812

کولمبو (انٹرنیشنل ڈیسک) سری لنکا کی حکومت نے ہامبانتوتا کی بندرگاہ کو ایک ارب ڈالر کے عوض ایک چینی کمپنی کو 99 سال کی لیز پر دینے کا معاہدہ کر لیا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ بھارت اور امریکا نے سری لنکا کو گہرے پانیوں کی اس بندرگاہ کو چینی کمپنی کے حوالے کرنے پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔ سری لنکا کے وزیر پورٹ مہندا سماراسنگھے نے ہامبانتوتا کی مصروف بندرگاہ کو چینی کمپنی چائنا مرچنٹ پورٹ ہولڈنگز کو بیچنے کی تصدیق کی ہے۔ اس معاہدے کے تحت چین کی سرکاری کمپنی نے 70 فیصد شیئر خرید لیے ہیں۔ دارالحکومت کولمبو سے 240 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ساحلی شہر ہامبانتوتا میں بندرگاہ کو چین کے حوالے کرنے پر سری لنکا میں احتجاج ہوتا رہا تھا۔ حکومت نے لوگوں کے احتجاج کو روکنے کے لیے سخت قوانین کا استعمال کیا۔ سری لنکن وزیر نے کہا کہ اس منصوبے پر تمام خدشات کو دور کر دیا گیا ہے۔