وزیراعظم چلے گئے، مجھے انعامی رقم نہیں ملی، اللہ مالک ہے، یونس خان

280
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ میری انعامی رقم آج تک نہیں ملی ،اب وہ چلے گئے ہیں تو اللہ مالک ہے ،پی سی بی چےئر مین کوئی بھی آئے اسے پاکستان کرکٹ کے لئے کام کرنا چاہئے ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں برازیلین فٹبال کوچ کے ہمراہ فٹبال میچ کھیلنے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر بھی موجود تھے ۔یونس خان نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے پرآج تک پذیرائی مل رہی ہے لیکن وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کر دہ رقم آج تک نہیں ملی اور نا ہی کسی نے اس ضمن میں کوئی رابطہ کیا ہے ۔اگر یہ انعامی رقم ملی بھی تو وعدے کے مطابق کسی فلاحی ادارے میں دے دوں گا لیکن اب پتا چلا کہ وزیر اعظم ہی چلے گئے ہیں تو آگے دیکھتے ہیں اللہ مالک ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی کے بارے میں کچھ نہیں کہ سکتا کیونکہ میں اس سوال کا جواب سوچ کر نہیں آیا کہ وہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کے لئے کیسے ثابت ہونگے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ کوئی بھی چےئر مین پی سی بی آئے اسے پاکستان کرکٹ اور قومی کرکٹرز کے لئے کام کرنا چاہئے تاکہ پاکستان کرکٹ آگے جائے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے بعد اب مجھے دوسرے کھیل کھیلنے کا موقع ملا ہے میں آج کل فٹبال کھیل رہا ہوں اور برازیل کے فٹبال کوچ کے ساتھ بھی فٹبال میچ کھیل رہا ہوں میرا ڈونا میرا فیورٹ کھلاڑی رہا ہے اور اسی کے اسٹائل سے کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں ،اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ غیر ملکی کوچ رومالڈ سانچیز کی پاکستان آمد خوش آئند ہے ہم ایسے لوگوں کو سپورٹ کریں گے جو غیر ملکی کھلاڑیوں کے کوچز اور کھلاڑیوں کو پاکستان لائیں گے تاکہ پاکستان میں اسپورٹس کو مزید ترقی مل سکے ۔