اوول ٹیسٹ انگلش بولر رولینڈ جونز کی تباہ کن بولنگ، جنوبی افریقا مشکل میں

369
لندن (جسارت نیوز)پہلا میچ کھیلنے والے رولینڈ جونز کی تباہ کن بولنگ اور بین اسٹوکس کی سنچری کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔اوول میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے 171 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے بین اسٹوکس اور ایلسٹر کک وکٹ پر موجود تھے۔ دن کے آغاز میں ہی انگلینڈ کو اس وقت کامیابی ملی جب 183 کے اسکور پر سابق کپتان کک 88 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔اس کے بعد بیئراسٹو آل رانڈر بین اسٹوکس کا ساتھ نبھانے وکٹ پر آئے اور چھٹی وکٹ کیلئے 75 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا، بیئراسٹو وکٹ پر بالکل سیٹ نظر آ رہے تھے لیکن 36 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہ پویلین لوٹ گئے۔معین علی کا وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ 16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ رولینڈ جونز نے ڈیبیو اننگز میں 25 رنز اپنے نام کیے۔بین اسٹوکس نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور وہ 112 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جس کے ساتھ ہی انگلش اننگز 353 رنز پر تمام ہوئی۔جنوبی افریقا کی جانب سے مورنے مورکل اور کگیسو ربادا نے 3، 3 جبکہ ورنن فلینڈر نے2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں جنوبی افریقا کی پہلی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا اور تباہی کے ذمے دار کوئی اور نہیں بلکہ پہلا میچ کھیلے والے رولینڈ جونز تھے۔جنوبی افریقی اوپنرز نے انگلش بولرز کے ابتدائی اوورز بغیر کسی نقصان کے گزار یے جس کے بعد جو روٹ نئے بولر رولینڈ کو بولنگ کیلیے لے کر آئے جنہوں نے اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے دوسرے ہی اوور میں ڈین ایلگر کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا دیا، بلے باز نے ریویو کا استعمال کیا لیکن یہ بھی انہوں نے بچانے کیلئے ناکافی ثابت ہوا۔نووارد بولرز نے اسی پر بس نہ کیا بلکہ ہینو کہون، ہاشم آملا اور پھر کوئنٹن ڈی کوک کو یکے بعد دیگرے پویلین رخصت کر کے جنوبی افریقی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔دوسرے اینڈ سے روٹ اپنے سب سے تجربہ کار بولر اور انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے جیمز اینڈرسن کو بولنگ کیلئے لائے جنہوں نے فاف ڈیو پلیسی اور کرس مورس کو رخصت کر کے انگلینڈ کو چھٹی کامیابی دلائی۔ جب بین اسٹوکس نے کیشپ مہاراج کو آؤٹ کیا تو مہمان ٹیم 61 رنز پر 7 وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔اس موقع پر ٹیمبا باووما کا ساتھ نبھانے کگیسو ربادا آئے اور دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کراتے ہوئے 53 رنز کی شراکت قائم کی لیکن دن کے اختتام سے قبل اسٹورٹ براڈ نے ربادا کی وکٹیں بکھیر کر جنوبی افریقہ کو آٹھواں نقصان پہنچایا، انہوں نے 30رنز بنائے۔جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقا نے 8 وکٹ کے نقصان پر 126 رنز بنائے تھے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 28 رنز درکار ہیں۔