احتساب شروع ہوگیا، تمام جماعتوں کے سربراہ خودکو پیش کریں، اسد اللہ بھٹو

468

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے تاریخ ساز فیصلہ کر کے 14اگست سے پہلے قوم کو 70ویں یوم آزادی کا تحفہ دیا ہے ،جماعت اسلامی نے سب سے پہلے عدالت عظمیٰ میں کرپشن کے خلاف پٹیشن دائر کی۔فیصلہ قومی فیصلہ ہے جس کا سارا کریڈٹ کسی ایک پارٹی کو نہیں پوری قوم کو جاتا ہے ،احتساب کا آغاز ہوچکا ہے، پاناما لیکس میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں ان سب کا احتساب کیا جائے۔جماعت اسلامی کے تحت آج احتساب کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے احتساب ریلی نکالی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن ، سیکرٹری کراچی عبد الوہاب، نائب امرا کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، اسحاق خان، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، 1998ء میں دفعہ62،63 کے نفاذ کے لیے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد مرحوم نے پورے ملک میں تحریک چلائی تھی اور اسلام آباد میں لانگ مارچ کر کے قومی اسمبلی کا گھیراؤ کیا تھا، اس کے بعد امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حلف اٹھانے کے بعد ملک بھر میں کرپشن فری پاکستان کی مہم چلائی اور14 اگست 2016ء میں عدالت عظمیٰ میں سب سے پہلے جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف پٹیشن دائر کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا اور قومی وسائل اور قومی اداروں کو ذاتی معاملات کے لیے استعمال کیا جس کی وجہ سے62،63 کے تحت نا اہل قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی اقتدار کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے یہ ملک کسی خاندان کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے احتساب کے عمل کو آگے بڑھائیں گے اور جماعت اسلامی کے تحت آج احتساب ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جس کا پیغام یہ ہوگا کہ جماعت اسلامی کی قیادت سب سے پہلے خود کو احتساب کے لیے پیش کرتی ہے، تمام پارٹیوں کی لیڈر شپ خود کو احتساب کے لیے پیش کرے۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سراج الحق کی طرح تمام پارٹیوں کے سربراہ کو چاہیے کہ وہ خودکو احتساب کے لیے پیش کریں۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل احتساب جمہوریت کو مضبوط کرے گا۔