سبزی خور بنیے

328

زود ہضم غذائوں کو دستر خوان میں شامل کیجیے
جواد افضل
ہمارے جسم کی ضروریات صرف گوشت یا مرغن غزائوں سے پوری نہیں ہوتیں ، بلکہ بہت سے اہم اجزاء سبزیوں ، پھل ، دالوں وغیرہ سے بھی حاصل ہوتے ہیں ۔ گوشت کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ، لیکن یہ بھی ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ سبزیاں انسان کو مختلف بیماریوں سے بچاتی ہیں ۔
یہی وجہ ہے کہ آج دنیا کے اکثر ممالک میں سبزی کھانے کا رجحان کافی مضبوط ہورہا ہے ۔ دنیا میں ایسے سبزی خور بھی موجود ہیں ، جو گوشت بالکل نہیں کھاتے ، البتہ کبھی کبھار انڈے اور دودھ سے بنی ہوئی چیزیں کھا لیتے ہیں ، جب کہ کچھ لوگ مچھلی بھی نوش کر لیتے ہیں ۔ ماہرین نے قدرت کے اس ان مول تحفے کی ایک اور افادیت کو ثابت کر دیا ہے ۔ یہ افادیت پھلوں اور سبزیوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشتا ہے ۔
اس سے قبل ماضی میں کی گئی تحقیقات میں جسمانی فوائد کے علاوہ ماہرین نے یہ بھی معلوم کیا ہے کہ زیادہ پھیل اور سبزیاں کھانے والے افراد اپنی زندگی سے زیادہ مطمئن رہتے ہیں ۔ حتیٰ کہ اگر ان کی تعلیم ، جسمانی سرگرمیاں اور معاشی حیثیت بھی محدود ہو تب بھی وہ زندگی کے مثبت پہلوئوں کی جانب دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ سبزیوں میں موجود کچھ اجزاء جسم میں بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں ، ہمارے جسم کی نشوو نما میں معاون ہوتے ہیں اور انسانوں کومختلف بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں ۔ سبزیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 1847ء میں انگلینڈ میں ’’ویجیٹیرین سو سائٹی ‘‘ قائم کی گئی تاکہ لوگوں کو سبزیوں کے فوائد سے آگاہ کر کے انہیں سبزیوں کے استعمال کی جانب مائل کیا جا سکے ۔
بیسویں صدی کے دوران مغربی ممالک میں یہ رجحان تیزی سے پھیلنے لگا ۔ اس وقت دنیا میں سبزی کھانے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں ۔ سائنس دان سبزیوں کو حفاظتی خوراک (Protective Food) کا نام دیتے ہیں، چونکہ ان کا مناسب مقدار میں سبزیوں کے کم استعمال کی وجہ سے جسم میں خون کی کمی ہوجاتی ہے ۔ اس رجحان کے ابتدائی شواہد چھٹی صدی عیسوی میں ہندوستانی ، یونانی اور اٹلی میں ملتے ہیں ، ’’ویجیٹیرین ڈائٹ‘‘ کا شمار دنیا کی آٹھ مقبول ترین ڈائٹس میں ہوتا ہے ، جو جسم کو متوازن رکھنے میں معاون ہے ۔ ویجیٹیرین ڈائٹ کی طرف آنے والوں کو چاہیے کہ وہ دھیرے دھیرے اپنی غذائوں میں تبدیلی لائیں ۔ ویجیٹیرین ڈائٹ استعمال کرنے والوں کا وزن عام لوگوں سے نسبتاً کم ہوتا ہے ۔ کولیسٹرول قابو میں رہتا ہے ، ایسے افراد کی عمر نسبتاً زیادہ ہوتی ہے اور ان میں کینسر اور دیگر بیماریوں کے امکانات کم ہوتے ہیں ۔
سبزیاں انسانی غذا میں بہت اہم مقام رکھتی ہیں ۔ ان میں وہ تمام اجزا پائے جاتے ہیں، جو اکثر اجناس میں بہت قلیل مقدار میں ہوتے ہیں ۔ سبزیوں میں لمحیات ، حیاتین اور معدنی اجزا بکثرت پائے جاتے ہیں ۔ جو انسانی جسم میں مختلف افعال کو درست رکھنے میں معاون ہوتے ہیں ۔ سبزیوں کا استعمال براہ راست سلاد کی شکل میں ، ابال کر ، پکا کر یا کچھ سبزیاں ، مسالا جات کے طور پر استعمال کی جاتی ہیں ۔ جن سے نہ صرف خوراک کو خوش ذائقہ بنایا جا سکتا ہے ، بلکہ ان کی غذائی اور طبی اہمیت بھی مسلمہ ہے ۔ سبز پتوں والی سبزیوں( پالک، میتھی اور دیگر ساگ وغیرہ ) میں معدنی نمکیات آئرن اور فاسفورس وغیرہ کافی مقدار میں موجود ہوتے ہیں ، جو جسم میں خون کی کمی ، ہڈیوں اور دانتوں کی کمزوری کو دور کرتے ہیں ۔ کچھ سبزیوں ( پیاز اور لہسن) میں ایسے کیمیائی مرکبات موجود ہوتے ہیں ، جو شریانوں میں فالتو چربی جو جمنے نہیں دیتے اور اسے تحلیل کرنے کی قدرتی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے انسان دل کی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے ۔