پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی ہی ہمارا مطالبہ نہیں، ہم تمام کرپٹ افراد کا احتساب چاہتے ہیں۔ نواز شریف کو نااہل قرار دینا ہی حل نہیں، کرپشن کے پیسوں سے بنائی گئی ان کی جائدادیں ضبط کی جائیں۔ احتساب کا عمل نواز شریف پر رکنا نہیں چاہیے بلکہ مزید 436 افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ آئین کی دفعات 62-63 کا دفاع کریں گے، ان دفعات کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔ چند ہزار کرپٹ افراد جیلوں میں جائیں گے تو کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ جے آئی یوتھ کی وجہ سے اسٹیٹس کو کی قوتیں خوفزدہ ہیں، کرپشن کے ہاتھی اور ڈائناسار دہشت زدہ ہیں اور امریکا کے یاروں اور یورپ کے ایجنٹوں کے اوپر رعب اور دبدبہ طاری ہے۔ جے آئی یوتھ نوجوانوں کو انقلاب کے لیے تیار کررہی ہے۔ نوجوان میزائل اور ایٹم بم سے زیادہ قوت رکھتے ہیں، اس کا صحیح استعمال دنیا میں ہماری پہچان کا باعث بن سکتا ہے مگر بد قسمتی سے ہم ان کی صلاحیتوں کو ضائع کر رہے ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کا موقع نہیں دے رہے۔ جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مواقع فراہم کریں گے۔ بہتر تعلیم، کھیل کے میدان اور روزگار نوجوانوں کا حق ہے، حکومت نے نوجوانوں کو ان حقوق سے محروم رکھا ہے۔ نوجوانوں کو مفت تعلیم، روزگار اور جرائم سے پاک ماحول کی فراہمی جماعت اسلامی کا منشور ہے۔ ہم کرپٹ نظام سے نجات چاہتے ہیں، اس بدبودار نظام میں ہمارے پاس لوڈشیڈنگ، بدامنی، لاقانونیت سے چھٹکارے کے سوا کھونے کو کچھ نہیں ہے لیکن پانے کے لیے ترقی یافتہ پاکستان سمیت بہت کچھ ہے۔ جماعت اسلامی کی ’’احتساب سب کا‘‘ تحریک آخری کرپٹ فرد کے احتساب تک جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی ایبٹ آباد میں جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے تین روزہ یوتھ لیڈر شپ کیمپ کے آخری روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوتھ لیڈر شپ کیمپ سے جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل، جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری محمد ہارون، حافظ سیف الرحمن اور دیگر ذمے داران نے خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ ستر سال گزرنے کے باوجود ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور منشیات جیسی لعنت چھائی ہوئی ہے۔ کمیشن خور مافیا نے عوام کا خون چوس لیا ہے، ہم جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے لے کر تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کے بلا تفریق احتساب کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوسکے۔ پرویز مشرف دبئی میں بیٹھ کر باتیں کرنے کے بجائے ملک میں آکر مقدمات کا سامنا کریں، ہم کسی شخص کے خلاف نہیں، ہمارا ہدف کرپٹ عناصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاناما لیکس میں ملوث 436 افراد کی لسٹ عدالت عالیہ کے سامنے رکھی تھی، اب عدالت کی ذمے داری ہے کہ وہ ان تمام لوگوں کا احتساب کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر احتساب کو میاں نواز شریف تک محدود رکھا گیا تو لوگ اسے سیاسی انتقام قرار دیں گے، اس لیے عدالت عظمیٰ دیگر کرپٹ مافیاز کے خلاف بھی جلد از جلد احتساب کا عمل شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ نوجوانوں کو ظلم کے نظام کیخلاف جدوجہد کے لیے متحد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس نوجوانوں کے لیے انقلابی ایجنڈا موجود ہے۔ ہم باصلاحیت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال کریں گے۔