لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ خوش آئند اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے، یہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کا نقطہ آغا زثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری، سیکرٹری سیاسی امور جماعت اسلامی لاہور چودھری محمود الاحد، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، صدر جے آئی یوتھ لاہور شاہد نوید ملک، سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور طاہر جاوید اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف و دیگر قائدین موجود تھے۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کرپشن اور کرپٹ مافیا کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی عظیم جدوجہد اور کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اُس نے کرپشن اور کرپٹ عناصر کو سب سے پہلے للکارا اور سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد (مرحوم) کی قیادت میں عملی جدوجہد کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سراج الحق ملک و قوم کی تقدیر سنوارنے کے لیے کرپشن کے خلاف اور نظام کی اصلاح کے لیے میدان میں ہیں اور انہوں نے سب سے پہلے کرپشن فری پاکستان مہم کا آغاز کیا، کرپٹ افراد کی نااہلی اور احتساب کے لیے عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹایا، یہی وجہ ہے کہ پوری قوم ان کو عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم جاری ہے اور یہ ملک سے کرپشن کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جے آئی ٹی ممبران اور عدالت عظمیٰ کے معزز ججوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک اور قوم کے مفاد اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے کسی دباؤ کی پروا نہ کرتے ہوئے پوری ایمانداری کے ساتھ اپنے فرئض کو نبھایا اور ایک ایسا فیصلہ دیا کہ جس کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں عدلیہ کا وقار بلند ہوا ہے اور عام آدمی کا قانون اور عدالتوں پر اعتماد بحال ہو ا ہے ۔ پاکستانی تاریخ میں پہلی بار جاگیردار، سرمایہ دار، مفاد پرست اورناجائز طریقے سے ملک کی دولت لونٹے والے قانون کے شکنجے میں آرہے ہیں۔