نواز شریف کے جانے سے میری واپسی آسان ہوجائیگی، پرویز مشرف

385

دبئی (صباح نیوز) سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا نواز شریف کو ہٹانے کا فیصلہ شاندار اور پاکستانیوں کیلیے خوش آئند ہے، نواز شریف کے جانے سے میری ملک میں واپسی کی راہ ہموار ہوگی۔ ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو نااہلی کے حق دار تھے۔ عدالتی فیصلہ پاکستانی عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہے۔ نوازشریف کی نااہلی سے عمران خان اور ان کی پارٹی کو فائدہ پہنچا ہے جبکہ ن لیگ نقصان میں رہی ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ کے خلاف عمران خان کے علاوہ دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد کر سکتے ہیں، ہمارا مقصد ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا راستہ روکنا ہے۔ حریت رہنمائوں پر پاکستان سے فنڈنگ اور اسکولوں کو جلانے کی رپورٹس کو انہوں نے بیہودہ پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ حریت رہنما مجاہدین ہیں جو کشمیریوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے برعکس بھارتی فوج کشمیر میں نسل کشی کر رہی ہے۔ امریکا کی جانب سے 35 کروڑ ڈالر کے فنڈز روکنے پر انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز روکنے سے پاکستان مر نہیں جائے گا۔ انہوں نے چین کو پاکستان کا عظیم دوست قرار دیتے ہوئے ایسی تمام رپورٹس مسترد کر دیں جن میں الزام لگایا گیا ہے کہ بیجنگ پاکستان کو غلام بنانا چاہتا ہے۔