کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک میں تاجروں و صنعتکاروں کے اہم نمائندوں نے بھی مستقل وزیر اعظم کے لیے شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے ۔ٹڈاپ کے سابق چیف ایگزیکٹو اور ممتاز تاجر رہنما ایس ایم منیر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نئے وزیر اعظم کے انتخاب سے ملک میں چھائی سیاسی بے یقینی کا خاتمہ ہوجانا چاہیے ،ان کا کہنا تھا کہ نامزد عبوری وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمجھ بوجھ رکھنے والے آدمی ہیں جبکہ مستقل وزیر اعظم کے لیے شہباز شریف سے بہتر کوئی چوائس نہیں ہے کیونکہ وہ معاشی مسائل سے آگاہ ہیں اور انہیں بزنس کمیونٹی کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے ،پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سیکرٹری جنرل میاں زاہد حسین نے کہا کہ کاروباری برادری مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے عبوری وزیر اعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی اور مستقل وزیر اعظم کے لیے شہباز شریف کو نامزد کرنے کی حمایت کرتی ہے،کاروباری برادری کو یقین ہے کہ شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف سابق وزیر اعظم کے ملکی ترقی کے ایجنڈے کو جاری رکھیں گے اور اسے مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔اس عمل کو جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کر لیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار متاثر نہ ہو اور نہ ہی بے یقینی کی کیفیت جنم لے، میاں زاہد حسین نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں درجنوں عالمی اداروں نے پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کی جبکہ دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا اور پاکستان کی شہہ رگ کراچی کی روشنیاں بحال کی گئیں۔
کراچی کے چھوٹے تاجروں نے بھی سیاسی بے یقینی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ شہباز شریف نے جس طرح سے صوبہ پنجاب میں کام کیا ہے ویسے ہی وہ بطور وزیر اعظم بھی پرفارم کریں گے۔