پاکستانی نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے‘ سوئمرنگ گالنگھم

306
لاہور(جسارت نیوز) بین الاقوامی کوچ اور سوئمر نک گالنگھمنے کہا ہے کہ ا سپورٹس بورڈ پنجاب نے سوئمرز کیلئے عالمی معیار کا سوئمنگ کمپلیکس بنایا ہے جس سے نوجوانوں کو سیکھنے کا بہترین موقع ملے گا،نوجوان سوئمرز کا ٹیلنٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، تربیتی کیمپ سے 4سوئمرز کو منتخب کیا جائے گا جن کو انگلینڈ میں تربیت دی جائے گی ، ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ بین الاقوامی کوچز کی نوجوانوں کو تربیت بارش کا پہلا قطرہ ہے، 40سوئمرز تیار کریں گے جو کہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی ا سٹیڈیم میں ا سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کوچز اور سوئمرز کے تربیتی کیمپ کے افتتاحی روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انٹرنیشنل برطانوی کوچ لیڈی جو ، بینجمن گالنگھم،ڈائریکٹرایڈمن جاوید رشید چوہان، ڈائریکٹر اسپورٹس محمد انیس شیخ اورڈاکٹر امتیاز بھی موجود تھے، مسٹر نک گالنگھم نے کہا کہ پاکستان نے کھیل کے شعبے میں ناقابل تسخیر کھلاڑی پیدا کئے ہیں، اسپورٹس بورڈ پنجاب نے کوچز اور سوئمرز کیلئے 4 روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا ہے جس کیلئے میں سوئمرز اور کوچز کو تربیت دینے کیلئے آیا ہوں ، یہاں نوجوانوں کا ٹیلنٹ دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے ، اس ٹیلنٹ کوتربیت دیکر نکھارا جائیگا تو پاکستانی نوجوان بھی سوئمنگ کی دنیا میں پاکستان کی جانب سے عالمی ریکارڈ قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو تربیت دے کر مجھے دلی خوشی ہورہی ہے، اس تربیتی کیمپ سے 4 بہترین سوئمرز کا انتخاب کیا جائے گا اوران کو انگلینڈ میں اسکالر شپ پروگرام کے تحت تربیت دی جائے گی جس کے بعد وہ عالمی مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے، نوجوان سوئمرز کو تربیتی کیمپ میں اپنی صلاحتیں نکھارنے کا موقع ملے گا، مسٹر نک گالنگھم نے کہا کہ ا سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا ہے یہ دنیا کے بہترین سوئمنگ پولز میں شامل ہے، اس میں جدید ترین سہولتیں میسر ہیں جوکہ عالمی مقابلوں کیلئے ضروری ہوتی ہے،ان سہولتوں کی فراہمی سے نوجوانوں کو سوئمنگ سیکھنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔ تربیت کا یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سوئمنگ کے کھیل کو فروغ اور کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے اسپورٹس بورڈ پنجاب نے عالمی شہرت یافتہ سوئمر مسٹر نک گالنگھم کو مدعو کیا ہے ، ان کی آمد پر ہم ان کے مشکور ہیں، تربیتی کیمپ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے سوئمرز کو سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے، 4 روزہ تربیتی کیمپ میں پہلے روز کوچز کو تربیت دی جائیگی دیگر 3 یوم سوئمرز کیلئے ہونگے، انہوں نے کہا کہ یہ بارش کا پہلا قطرہ ہے، پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں جدید ترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جس میں واٹر کیمرے اور ویڈیو انالسیز کی سہولت بھی میسر ہے جس سے سوئمرز کی خامیوں کی نشاندہی ہوگی، انہوں نے کہا ہم نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں وہ ہمارے پاس آئیں ہم ان کو ہر طرح کی سہولتیں اور تربیت فراہم کریں گے اور ان کے فن کو پالش کریں گے۔ڈائریکٹر ا سپورٹس پنجاب محمد انیس شیخ نے بتایا کہ کیمپ میں12،14،16ایچ گروپ کے کل 160لڑکے اور لڑکیوں اور40کوچز کو تربیت دی جارہی ہے، کیمپ میں سوئمرز کو جدید تکنیک سے متعلق بھی بتایا جائے گا۔نک گالنگھم اور انکی ٹیم نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور بہترین انتظامات کو سراہا۔