اوول ٹیسٹ‘ انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو 239رنز سے شکست دیدی‘ سیریز میں 2-1کی برتری

245
لندن (جسارت نیوز) انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا کو 239 رنز سے شکست دے کر4 میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔ جنوبی افریقا کی ٹیم 492 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 252 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈین ایلگر کی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ اوول، لندن میں ٹیسٹ کے 5ویں اور آخری روز جنوبی افریقا نے 492 رنز کے تعاقب میں 117 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈین ایلگر 72 اور تیمبا بووما 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے 108 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا ا سکور 160 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر رولانڈ جونز نے مسلسل 2 گیندوں پر2 وکٹیں گرا کر جنوبی افریقا کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ تیمبا بووما 32 اور ورنن فلینڈر بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ ڈین ایلگر نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور8وٰیں ٹیسٹ سنچری بنائی۔ کرس مورس جنوبی افریقا کے7و یں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بناکر معین علی کا نشانہ بنے۔ معین علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل 3 گیندوں پر ایلگر، رابادا اور مورنی مورکل کو آؤٹ کر کے اپنی ہیٹرک مکمل کی۔ وہ گزشتہ 79 سال میں ہیٹرک کرنے والے پہلے برطانوی ا سپنر بن گئے ۔ انگلینڈ کے بین ا سٹوکس کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔