سیلابی ریلے کے متاثرین میں الخدمت ریلیف پیکیج تقسیم

194
کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کے تحت حب کے متاثرین سیلاب میں ریلیف پیکیج تقسیم کر دیا گیا، ریلیف پیکیج میں روز مرہ استعمال کی ضروری اشیا اور ملبوسات شامل تھے ،پیکیج کی تقسیم کے لیے پتھر کالونی حب میں منعقدہ تقریب میں سیلابی ریلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین، متاثرین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی ،صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور اور سیکرٹری جنرل مشتاق مانگٹ نے متاثرین میں ریلیف پیکیج تقسیم کیا ،اس موقع پر اسسٹنٹ سیکرٹری اعجاز اللہ خان، انجینئر صابر احمد ،قمر محمد خان ،راشد قریشی ،الخدمت حب کے صدراقبال ابڑو،امیرجماعت اسلامی ضلع حب وندرمولانا نیاز احمد و دیگر ذمے
داران موجود تھے،صدرالخدمت محمد عبد الشکور نے کہا کہ حب کے مکینوں پر آنے والی پریشانی اللہ کی طرف سے آزمائش ہے،اہل علاقہ کو سیلابی ریلے سے جانی و مالی نقصان کا سامنا کر نا پڑا، مشکل وقت میں صبر وبرداشت اور اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانا مستحسن عمل ہے ،انہوں نے کہا کہ الخدمت متاثرین کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی ان کی مدد کرے گی ،مشتاق مانگٹ نے کہا کہ الخدمت عوام کی بلاتفریق خد مت کر رہی ہے،متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔قبل ازیں محمد عبد الشکور نے سیلابی ریلے سے متاثرہ پتھر کالونی کامعائنہ کیا اوروہاں متاثرین کو پانی کی فراہمی کے لیے بورنگ کے کام کا افتتاح کیا ۔