غیرقانونی شادی ہالوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

441

کراچی(رپورٹ : محمد انور)سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے) نے رفاہی پلاٹوں پر قائم تمام شادی ہالوں ، بنکوئٹ اور لانز کو بند کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے جبکہ کمرشل روڈز پر اورتجارتی پلاٹوں پر قائم تمام بنکوئٹ ، شادی لانوں اور ہالوں کو کمرشل شادی لانز کی حیثیت سے ریگولرائز کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق ایس بی سی اے نے یہ فیصلہ تمام شادی لانز ، ہال اور بنکوئٹس کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے کیا ہے ۔ فیصلے کے تحت ڈیڑھ سو فٹ چوڑے روڈ سے کم پر موجود تمام شادی ہال و بنکوئٹ کو بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ان سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال بہتر ہوسکے ۔اس مقصد کے لیے ایس بی سی اے نے شہر بھر میں موجود شادی ہالوں و بنکوئٹ وغیرہٖ کا سروے مکمل کرلیا ہے ۔اس مقصد کے لیے قائم کی گئی خصوصی کمیٹی نے اپنی رپورٹ حکام کو دے دی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اصولی طور پر رفاہی پلاٹوں پر قائم تمام بنکوئٹ اور شادی ہالوں اور لانوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس مقصد کے لیے ایسے تمام لانز ،ہال اور بنکوئٹ کو نوٹس کا اجرا بھی شروع کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق رفاہی پلاٹوں پر قائم پلاٹوں کا اصل مقصد یقینی بنایا جائے گا ۔ جن رفاہی پلاٹوں کا شادی لانز یا دیگر تجارتی مقصد کے لیے استعمال ہوگا، ان کے خلاف بلارعایت کارروائی کی جائے گی اور وہاں تجارتی بنیادوں پر کی گئی تعمیرات کو منہدم کردیا جائے گا۔ اس ضمن میں ایس بی سی اے کے ایک سینئر افسر نے بتایا ہے کہ رفاہی پلاٹوں پر قائم بنکوئٹ اور شادی لانز کو منہدم کرکے ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی بھی کی جائے گی ۔متعلقہ اتھارٹی کو ایسے رفاہی پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی بھی سفارش کی جائے گی ۔ یاد رہے کہ رفاہی پلاٹوں پر قائم شادی ہالوں اور بنکوئٹ کی بڑی تعداد ان کی ہے جو اسکول ، مدرسہ ، مسجد ، اسپتال اور ایمبولینس سینٹر کے نام پر الاٹ کرائے گئے تھے ۔ لیکن متعلقہ اداروں نے ان پلاٹوں پر شادی ہال و بنکوئٹس ہال بناکر ان کا تجارتی استعمال شروع کردیا ہے ۔ اس ضمن میں جسارت کے سروے کے مطابق گلشن اقبال میں راشد منہاس ، یونیورسٹی اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر کم و بیش دو درجن بنکوئٹ یا شادی لانز غیر قانونی طور پر رفاہی پلاٹوں پر قائم ہیں۔ اسی طرح نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد نواب صدیق علی خان روڈ ، فیڈرل بی ایریا میں شاہراہ پاکستان، شاہراہ نورجہاں ، سر شاہ سلیمان روڈ اور شاہراہ فیصل پر تقریباََ پانچ درجن بڑے رفاہی پلاٹوں پر شادی ہال و بنکوئٹ چل رہے ہیں۔ گلشن اقبال نیپا چورنگی پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے رفاہی پلاٹ پر بھی شادی ہال و بنکوئٹ قائم ہے ۔ان تمام شادی ہالوں اور بنکوئٹ کا ایک دن کا کرایہ بھی لاکھوں روپے طلب کیا جاتا ہے ۔