اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ نون کے نامزد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد وہیں سے سلسلہ جوڑوں گا جہاں پر ٹوٹا تھا،کابینہ کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی نواز شریف کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کروں گا ۔ شیخ رشید ریفرنس شوق سے دائر کریں، ہم ایک دوسرے کو اچھے طریقے سے جانتے ہیں، ایک پارٹی میں ساتھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے منصب کے لیے منتخب کیا ہے، تمام لوگ اپنا کام پہلے کی طرح کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں نامزد وزیر اعظم نے کہا کہ اگر وزیر اعظم خود وزیر خارجہ ہوں تو کوئی حرج نہیں ،مستقل وزیرخارجہ سے متعلق مشاورت کے بعد فیصلہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پر گامزن رہیں گے۔