عدالتی فیصلے پر عملدرآمد شروع‘ نیب نے شریف خاندان کیخلاف 4ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دیدی

379
اسلام آباد (آئی این پی+صباح نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب )کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاناما کیس پر عدالت عظمیٰکے فیصلے کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف،ان کے بچوں‘داماد کیپٹن(ر)صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف 4ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ ریفرنسز لندن فلیٹس ، عزیزیہ اور ہل میٹل اسٹیل مل ، آف شور کمپنیوں اور اسحاق ڈار کی آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق دائر کیے جائیں گے ۔پیر کونیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمرالزماں چودھری کے زیر صدارت ہواجس میں پاناما کیس میں عدالت عظمیٰکے فیصلے پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوران اجلاس پاناما کیس پر عدالتی فیصلے کی روشنی میں ریفرنسز دائر کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالت کے فیصلے کی روشنی میں 6ہفتوں کے دوران نیب راولپنڈی ریفرنسز تیار کرے گا۔ریفرنسز اسلام آباد اور راولپنڈی کی احتساب عدالتوں میں دائر کیے جائیں گے ۔ ریفرنس جے آئی ٹی کی جانب سے حاصل کردہ دستاویزات اور مواد سمیت ایف آئی اے اور نیب کے پاس کیسز سے متعلق موجود مواد کی بنیاد پر تیار کیے جائیں گے جبکہ ریفرنسز کی تیاری کے عمل کے دوران جے آئی ٹی کی تحقیق کے دوران باہمی قانونی معاونت کے ذریعے حاصل ہونے والا مواد بھی بروئے کار لایا جائے گا اور بیرون ملک سے بھی درکار مواد حاصل کیا جائے گا۔ نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ریفرنسز تیار کرنے کے تمام عمل کو پیشہ وارانہ طریقے سے مکمل کیا جائے اور عدالتی فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے ۔ریفرنس دائر کرنے کی ذمے داری ڈی جی نیب عرفان منگی کے سپرد کی گئی جوپاناما جے آئی ٹی کے رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں سر انجام دے چکے ہیں۔