سکھر ڈویلپمنٹ الائنس نے سیپکو کیخلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا

206
سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کے سیاسی، سماجی اور تجارتی حلقوں کی نمائندہ تنظیم سکھر ڈیولپمنٹ الائنس نے سیپکو کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا۔ احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں منگل کے روز مرکزی شاہراہ گھنٹہ گھر چوک پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ڈیڈیکشن بلوں کے اجرا پر سیپکو کیخلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ عوام نے سیپکو چیف، ایس ای سیپکو سکھر اور دیگر افسران کے خلاف نعرے بازی کی اور سیپکو چیف کا پتلا نذر آتش کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن، مشرف محمود قادری، مولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، رضوان قادری، ڈاکٹر سعید اعوان، شاہ محمد انڈھڑ، حبیب ناصر، آغا اکرم درانی، لالہ یاسر، منیر میمن، ظہیر بھٹی، رئیس قریشی، شبیر میمن، صداقت خان، عمیر میمن، ذاکر بندھانی، راشد صدیقی، اسلم شیخ، خادم انڑ، دوا خان اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ڈی اے کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سکھر کے عوام کے ساتھ سیپکو کا انتہائی ہتک آمیز رویہ قابل مذمت ہے اور انہوں اپنے کرپٹ افسران کو خوش کرنے کے لیے سکھر کے شہریوں کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کردیا ہے اور ظلم کی انتہا تو یہ ہے کہ بجلی نہ ہونے کے باوجود لوگوں کو ہزاروں روپے کے اضافی بلز بھی بھیجے جارہے ہیں اور غریب عوام اور تاجروں کو ڈرایا جارہا ہے کہ اگر آپ نے یہ بل نہ بھرے تو آپ کیخلاف ایف آئی آر اور بجلی کاٹنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ سیپکو چیف اور ایس ای سکھر نے بھتا خوری کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ان کے چہیتے اہلکار لوگوں کو ڈائریکٹ کنکشن اور کنڈے لگا کر لاکھوں روپے وصول کر رہے ہیں جس سے حکومت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور وہ نقصان صارفین سے اضافی بلوں کی صورت میں وصول کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب ان کرپٹ اور بھتا خور سیپکو افسران کیخلاف سکھر کے عوام سڑکوں پر احتجاجی دھرنوں کے ساتھ ان کے دفاتر کا گھیراؤ بھی کریں گے۔ سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے چیئرمین نے ڈیڈیکشن بلوں کو جمع کرنا شروع کردیا ہے تاکہ سیپکو کے کرپٹ افسران کی کرپشن کو سامنے لایا جاسکے۔ تمام بازاروں کی یونینز اور سیاسی، سماجی، مذہبی اور قوم پرست رہنماؤں نے عوام کے گھر جاکر ڈیڈیکشن بلز جمع کرناشروع کردیے ہیں۔ اب یہ تحریک رکنے والی نہیں ہے، جب تک سکھر کے عوام کو سیپکو کے مظالم سے چھٹکارا نہیں مل جاتا۔ سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کی سیپکو کیخلاف بنائی گئی کمیٹی کے اراکین نے سکھر کے عوام سے رابطے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔