تربیتی کیمپ میں کوچز اور سوئمرز کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں گی‘ نیئر اقبال

203
لاہور (جسارت نیوز)سیکرٹری ا سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے کہا ہے کہ سوئمرز کیلئے اب لاہور میں انٹرنیشنل معیار کے سوئمنگ پول کی سہولت میسرہے، تربیتی کیمپ کا آغاز ہوگیا ہے جس کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا، کیمپ میں دنیا کے بہترین کوچز ہمارے سوئمرز کو تربیت دے رہے ہیں جس سے ان کا اعتماد بڑھے گا اور مزید دلچسپی اور دلجمعی سے سوئمنگ سیکھیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس دنیا کے بہترین سوئمنگ کمپلیکس میں سے ایک ہے جو کہ ہمارے لئے اعزاز ہے، لاہور میں ایشیا کی سطح پر سوئمنگ کا ایونٹ منعقد کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان میں سوئمنگ کو مزید فروغ حاصل ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں چار روزہ کوچز اینڈ سوئمرز ٹریننگ کیمپ کے دوسرے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔سیکرٹری اسپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو سوئمنگ کی تربیت کیلئے اسپورٹس بورڈ پنجاب نے تربیتی کیمپ کا آغاز کیا ہے جو کہ ایک مستحسن اقدام ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی کاوشوں سے دنیا کے دو بہترین اور مایہ ناز سوئمرز ٹریننگ دینے کیلئے آئے ہیں، جس سے ہمارے نوجوانوں کی سوئمنگ کی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی، کیمپ سے منتخب ہونیوالے سوئمرزکی تربیت برطانیہ میں ہوگی، انہوں نے کہا کہ4 روزہ تربیتی کیمپ میں ٹریننگ کیلئے وقت زیادہ رکھا گیا ہے، یہ آغاز ہے مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، تربیتی کیمپ کے انعقاد سے نوجوانوں میں سوئمنگ کا مزید شوق پیدا ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم انٹرنیشنل کوچ نک گالنگھم اور ان کی ٹیم کے ارکان لیڈی جو اور بینجمن گالنگھم کے شکرگزار ہیں کہ وہ پاکستان آکر ہمارے نوجوان سوئمرز کو تربیت دے رہے ہیں، نوجوانوں کیلئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ ان سے سیکھیں اور اپنی سوئمنگ کو بہتر بنائیں، انہوں نے کہا ہے نک گالنگھم جب یہاں آئے تو انہوں نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا معائنہ کیا اور اسے دنیا کے بہترین سوئمنگ پولز میں سے ایک قرار دیا ہے۔ہماری خواہش ہے کہ یہاں پر ایشیا کی سطح کے ایونٹ منعقد کرائیں تاکہ ملک میں سوئمنگ کو مزید فروغ حاصل ہو، ڈی جی اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ تربیتی کیمپ کے انعقاد سے کوچز اور سوئمرز کی صلاحتیں نکھر کر سامنے آئیں گی۔تربیتی کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ سے نوجوانوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا ،ا سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں اور سوئمرز کو بہترین سہولتیں فراہم کررہاہے۔