جماعت الدعوۃ کے وفد کی سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں

318
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت الدعوۃ کے اعلیٰ سطح کے وفد کا کراچی میں سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ کی قیادت میں پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال اور جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی گئی۔ جس میں تحریک آزادی کشمیر اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں جماعت الدعوۃ سیاسی امور کے کوآرڈینیٹر حافظ خالد ولید، جماعت الدعوۃ سندھ کے مسؤل فیصل ندیم اور جماعت الدعوۃ کراچی کے مسؤل مزمل اقبال ہاشمی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران امیر جماعت الدعوۃ
حافظ محمد سعید کی نظر بندی میں مزید 2 ماہ کی توسیع پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کو کشمیریوں کی تحریک آزادی کے لیے مضبوط کردار ادا کرنا چاہیے۔ محض بیانات سے بھارت کے وحشیانہ مظالم کا سلسلہ رک نہیں سکتا۔ کشمیریوں کے محسن حافظ محمد سعید کی بلا جواز نظر بندی سے کشمیریوں کو منفی پیغام دیا گیا۔ نظر بندی کیس میں حکومت جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق ظاہر کیا کہ کشمیر کی تحریک آزادی کے لیے ہر سطح پر کشمیریوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کریں گے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو شہ رگ قرار دیا تھا، کوئی قوم اپنی شہ رگ دشمن کے حوالے نہیں کرسکتی۔ موجودہ سخت حالات کے باجود کشمیری پاکستان کا جھنڈا بلند کر رہے ہیں اور شہادتیں پیش کر رہے ہیں۔ حکومت پاکستان پر دباؤ ڈالیں گے کہ وہ کشمیر کی تحریک آزادی کے لیے عملی کردار ادا کرے۔