مثبت تبدیلی کے لیے اوریکل کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، محمد غالب نشتر

275

کراچی(اسٹاف رپورٹر)خوشحالی مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ نے آئی ٹی انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے، کاروباری کارکردگی میں اضافے اور بہترین خدمات کی فراہمی کے لیے اوریکل انجینئرڈ سسٹمز کا انتخاب کرلیا ہے۔ خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کا شمار اب دنیا کے ان مائیکرو فنانس بینکوں کی صف میں ہوگیا ہے جنہوں نے اپنی اہم بینکاری ایپلی کیشنز کو اوریکل ایگزا اسٹیک پر منتقل کیا ہے۔خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کو اپنے 2020ء تک کے توسیعی منصوبے اور نئی حاصل کی گئی جدید مرکزی بینکنگ ایپلی کیشن کے لیے بھروسہ مند، تیز تر اور قابل توسیع انفرااسٹرکچر کی ضرورت تھی تاکہ اپنی کارکردگی میں اضافہ کرسکے۔ خوشحالی مائیکرو فنانس بینک اپنے ڈیٹا سینٹر کو مجتمع رکھنے اور آپریشنل اخراجات کو کم رکھنے کے لیے انتظامی دیکھ بھال کے امور میں افرادی شمولیت کو بھی کم کرنا چاہتا تھا۔خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کے صدر اور سی ای او محمد غالب نشتر نے کہا کہ خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کو اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان میں دیگر مائیکروفنانس بینکوں کے مقابلے میں ہمارے سب سے زیادہ صارفین ہیں۔ صارفین میں 5 لاکھ قرضہ لینے والے اور 14 لاکھ سے زیادہ بچت صارفین ہیں۔ ہماری مالیاتی خدمات سے غریب ، کم آمدنی والا طبقہ مستفید ہورہا ہے اور وہ ان خدمات سے اپنا معیار زندگی بہتر بنارہا ہے۔ ہم نے مائیکرو فنانس بینکنگ کے شعبے میں ایک معیار قائم کردیا ہے اور اس کے مزید فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان لوگوں تک خدمات پہنچائیں جو مالیاتی خدمات سے محروم ہیں اور انہیں بہترین مصنوعات اور خدمات فراہم کی جائیں اور اسی لیے ٹیکنالوجی اور مرکزی بینکنگ سسٹمز مستحکم بنانے کے لیے سرمایہ کاری کی۔ ہم اس تبدیلی کے لیے اوریکل کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔کنٹری ڈائریکٹر، کلاؤڈ پلیٹ فارم گروپ، اوریکل پاکستان، وقاص ہاشمی نے کہا کہ تیز تر اور موثر آئی ٹی انفرااسٹرکچر مالی ادارے کے لیے انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے اور جدید مصنوعات اور خدمات اپنے صارفین کو فراہم کرسکے۔ کئی ایسے اداروں نے اوریکل سلوشنز کے ذریعے اہم ترین فائدے حاصل کیے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ خوشحالی مائیکرو فنانس بینک بھی اسی طرح ان مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوگا اور اوریکل انفرااسٹرکچر پر مرکزی بینکنگ ایپلی کیشنز کے ذریعے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔خوشحالی مائیکروفنانس بینک نے جو اوریکل انجینئرڈ سسٹمز لیے ہیں ان میں اوریکل ایگزا ڈیٹا ڈیٹابیس مشین X6-2، اوریکل ایگزالوجک الاسٹک کلاؤڈ X6-2 اور اوریکل ZFS اسٹوریج شامل ہیں۔