رئیل اسٹیٹ اینڈ انویسٹمنٹ ایکسپو شارجہ کیلئے ہرممکن تعاون کرینگے‘ محسن شیخانی

480

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اڈزیلا اور وجود کے زیرِ اہتمام رئیل اسٹیٹ اینڈ انویسٹمنٹ پاکستان ایکسپو شارجہ کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ رئیل اسٹیٹ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔ اسٹمپ ڈیوٹی، ایکسائز ٹیکس و دیگر ٹیکسز کی مد میں کروڑوں روپے روینیو جنریٹ کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن برائے بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد ) کے چیئرمین محسن شیخانی نے اڈزیلا اور وجود کے چیف ایگزیکٹو عدنان اقبال سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار بھاری سرمایہ کاری کررہے ہیں تاہم وہ دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح سہولتوں سے محروم ہیں۔ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کو نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے قبل رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کے مسائل کو مدِ نظر رکھا جائے اور قابل عمل تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے۔ پراپرٹی پر لاگو بے جا ٹیکسز پر ازسر نو نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ عدنان اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رئیل اسٹیٹ اینڈ انویسٹمنٹ ایکسپو شارجہ میں کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد سمیت ملک بھر کے علاوہ چین، رشیا اور دنیا بھر کے سرمایہ کار شرکت کررہے ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کے لحاظ سے منفرد نمائش ہے جس میں پراپرٹی پراجیکٹ بھی پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپو شارجہ سے سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا اور نئے پراجیکٹ انویسٹرز کی دلچسپی کا باعث بنیں گے۔