پہلے آئیں پہلے پائیں‘ مویشی منڈی میں قربانی کے جانور لانے کا سلسلہ جاری

1130

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عیدالاضحی کے موقع پر ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے زیر انتظام سہراب گوٹھ سے6کلو میٹر دور سپر ہائی وے پر800ایکڑ رقبے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے لیے جانورلائے جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی کے مطابق یہاں پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پرجانوروں کے بیوپاریوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی جارہی ہے ۔اب تک ہزاروں جانور لائے جاچکے ہیں۔ایڈمنسٹریٹر ارشاد احمد کے مطابق بیوپاریوں کو بڑے جانوروں گائے ، اونٹ وغیرہ کے لیے1400روپے اور چھوٹے جانوروں بکرے ، بھیڑ وغیرہ کے لیے800روپے ادا کرنا ہوں گے ، اس کے علاوہ ان سے کوئی اور فیس وصول نہیں کی جارہی ہے ۔یہ فیس ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ وصول کرکے رسید جاری کرتا ہے ۔اس کے علاوہ مویشی منڈی کی انتظامیہ کی جانب سے بیوپاریوں کو کئی خدمات مفت فراہم کی جارہی ہیں جن میں فی جانور صبح اور شام8/8لیٹر مفت پانی فراہم کیا جاتا ہے ، مزید ضرورت پڑنے پر95پیسے فی لٹر کے حساب سے اضافی پانی فراہم کیا جائے گا، سیکورٹی اور روشنی کا انتظام بھی دیگر انتظامات میں شامل ہے ۔مویشی منڈی میں4وی آئی پی بلاک اور22 جنرل بلاک بنائے گئے ہیں۔ جنرل بلاک سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جارہی ہے ۔عوام سے منڈی میں داخلے پر بھی کوئی فیس وصول نہیں کی جارہی ہے ۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں اورموٹر سائیکلیں پارکنگ ایریا میں کھڑی کریں۔ منڈی میں عوام کے لیے مسجد، کھانے پینے کے کیبن، پبلک ٹوائلٹ وغیرہ کا بھی انتظام ہے ۔ منڈی کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ سجایا بھی جارہا ہے۔