کچی آبادیوں میں لینڈ مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے‘ غلام قادر تھیبو

225
حیدر آباد (نمائندہ جسارت) کچی آبادیوں اور گوٹھوں کی آڑ میں کام کرنے والے لینڈ مافیا، قبضہ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سندھ پولیس بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ ان الفاظ کا اعادہ ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن آف پاکستان ’’کاگف‘‘ کے چیئرمین صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں’’کاگف‘‘مشاورتی کمیٹی کے ممبران محمد شاہ بخاری ڈائریکٹرنیشنل میوزیم کراچی ، عامر ضیا جسٹس آف پیس کراچی ، ناظم پنہور اور محمد جنید احمد شامل تھے۔ ’’کاگف‘‘ کے چیئرمین نے ایڈیشنل آئی جی کو کچی آبادیوں اور گوٹھوں میں لینڈ مافیا، بلڈرز مافیا، قبضہ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کی جانب سے غیر قانونی، غیر آئینی اقدامات اور سرکاری زمینوں پر قبضے کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مہران ٹاؤن کچی آبادی انڈسٹریل ایریا کورنگی میں جعلی فائلوں کے ذریعے 43سالہ آباد مکینوں کے گھروں پر لینڈ مافیا کی جانب سے پولیس کی مدد سے قبضوں اور گھروں کو زبردستی خالی کرانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کرتے ہوئے مکمل رپورٹ اور درخواست پیش کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے فوری طور پر مہران ٹاؤن کچی آبادی کے مکینوں کو لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کاروں سے نجات دلانے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ڈائری نمبر 4571 کے تحت ایس ایس پی گورنگی کو احکامات صادر کردیے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا، قبضہ مافیا اور ان کے سہولت کار معاشرے میں ناسور کی حیثیت رکھتے ہیں اور ایسے ناسور کو سندھ پولیس کسی بھی طور پنپنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ 4اگست کوسندھ پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں شہدا کے ورثا کو اعزازات اور عزم واستقلال ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اس موقع پر ’’کاگف‘‘ کے چیئرمین صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو کو ان کی خدمات اور مثبت کارکردگی کے اعتراف میں عزم و استقلال ایوارڈ پیش کیا۔