فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے مرکزی نائب صدر خالد محمود چودھری نے شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ منتخب وزیر اعظم ریلوے ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کرکے تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں لکھوا لیں گے۔ ایک لاکھ ریلوے ملازمین اپنے قائد حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ریلوے کو خسارا سے پاک ایک باوقار ادارہ بنانے میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک بشیر، باؤ طاہر، باسط شفیق، محمد آصف جاوید، محمد نعیم اختر، محمد رمضان، عمران کاہلوں، عدنان خٹک، محمد یونس بٹ، نادر شاہ، ظہیرالدین بابر، نورالدین اور دیگر زونل ذمے داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بال بال قرضوں میں ڈوبی قوم کے ارکان پارلیمنٹ اجلاسوں سے غیر حاضر رہ کر بھی کروڑوں روپے کی تنخواہیں اور الاؤنسز وصول کرکے قوم کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ اپنی تنخواہوں میں اضافے کے لیے راتوں رات بل پاس کروانے والے ارکان اسمبلی کے پاس ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے لیے سوچنے کا بھی وقت نہیں۔ مہنگائی نے ملازمین کی کمر توڑ دی ہے، حکومت نے غریب مزدوروں سے عزت سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دے سکی۔ غریب قوم کے دو کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں، لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، ملک کے بڑے بڑے شہروں میں لاکھوں لوگ فٹ پاتھوں پر سونے پر مجبور ہیں۔ نوجوان ہاتھوں میں اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاں لیے نوکریوں کی تلاش میں سڑکوں پر مارے مارے پھر رہے ہیں۔ عوام کی محرومیوں کا اصل ذمے دار یہی کرپٹ حکمران ٹولہ ہے، جس نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قومی اداروں پر امیروں کا قبضہ ہے۔ قوم کا سرمایہ ایوانوں میں بیٹھے ہوئے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں پر خرچ ہورہا ہے جبکہ غریب کو تعلیم، صحت، چھت اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات بھی میسر نہیں۔ جب تک یہ لوگ اقتدار پر قابض رہیں گے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔