یونیورسٹی روڈ کی ادھوری تعمیر‘ پانی کی لائنوں کی تنصیب التوا کا شکار

199

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)یونیورسٹی روڈپر پانی کی لائنیں ڈالنے کا عمل تا حال تاخیر کا شکار ہے، کراچی یونیورسٹی کے عین سامنے سے گزرنے والاروڈ بری طرح سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔سڑک پر پانی جمع ہے جس کی وجہ سے اہل علاقہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ جبکہ مختلف بیماریاں اور ڈینگی کا مرض پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ جبکہ سیکڑوں افراد اور طلبہ و طالبات اذیت میں مبتلاہیں۔ بیشترعلاقوں میں لوگوں کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ یونیورسٹی روڈ پر جاری طویل عرصے سے تعمیراتی کام التوا کا شکار ہوگیا ہے۔ تعمیراتی کام اور پائپ لائنیں ڈالنے کے سبب کھدائی کی گئی تھی لیکن التوا کے سبب پانی دور تک پھیل گیا اور نالے کی شکل اختیار کرلی ہے۔ ٹریفک کی روانی مہینوں سے متاثر ہے جبکہ کاروباری لوگوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔شادی ہال، ریسٹورنٹ اور دکانوں کے سامنے پانی جمع ہونے سے لوگوں نے اس طرف آنا کم کردیا ہے۔ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ ایک سال ہونے کوہے لیکن یہاں موجود پانی کی لائنیں ابھی تک نہیں ڈالی گئیں۔ گاہے بگاہے حادثات بھی ہوتے رہتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے پانی کی بڑی بڑی پائپ لائنیں سڑک پر ایسے ہی رکھ کر چلے گئے ہیں جس کی وجہ سے کوئی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے اس سلسلے میں بہت احتجاج کیا مگر متعلقہ اداروں اور حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ علاقے کے لوگ سڑک پر ہونے والی کھدائی سے عاجز آگئے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اس کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔سڑک پر جمع ہونے والے پانی سے کچی آبادی کے مکین خاص کر خواتین صبح کے وقت یہاں آکر اپنے کپڑے دھوتی ہیں اور بچے نہاتے نظر آتے ہیں جس سے یہ علاقہ کسی گاؤں یا دیہات کا منظر پیش کرنے لگتا ہے۔اسی روڈ پر واقع یونیورسٹیاں اوردیگر تعلیمی ادارے بھی ہیں جہاں آنے والے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو بھی پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔این ای ڈی یونیورسٹی کے طلبہ کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے یونیورسٹی آتے ہیں مگر انہوں نے ہمیشہ اس روڈ کو خستہ حالت میں دیکھا ہے۔ایک طالب علم کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی روڈ پر ٹوٹ پھوٹ اور پانی جمع ہونے سے بہت پریشانی کا سامنا رہتا ہے جس کی وجہ سے اکثر اوقات اس روڈ پر مختلف حادثات بھی ہوتے ہیں جبکہ پیدل آنے والوں کو بھی بہت اذیت سے گزرنا پڑتا ہے کیونکہ پیڈسٹرین برج کے سامنے ہر وقت کیچڑ اور گندا پانی جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے ان کے کپڑے بھی گندے ہوجاتے ہیں۔طلبہ کا کہناتھا کہ حکومت اس کافوری طور پر نوٹس لے اوراس کام کو جلد مکمل کرکے علاقہ مکینوں اور طالب علموں کی پریشانی دورکرے۔