لاہور (نیوزرپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات سے ہی جمہوریت پروان چڑھتی ہے ، جماعت اسلامی ایسے الیکشن کی خواہاں ہے جس سے عوام مطمئن ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں حلقہ این اے 120کی خالی ہونے والی سیٹ کے حوالے سے ضلعی ذمہ داران کے خصوصی مشاوارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رہنما جماعت اسلامی پاکستان حافظ سلمان بٹ ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امرا جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، انجینئر خالد عثمان ، ، سید احسان اللہ وقاص ، خالد احمدبٹ،صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد و د یگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 120کی خالی سیٹ کیلیے جماعت اسلامی لاہور نے امیدوار کیلیے مشاوارتی عمل شروع کر دیا ہے اور جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ این اے 120کی سیٹ اور آئندہ ہونے والے انتخابات میں دھونس اور دھاندلی کے کسی قسم کے عمل کو روکنے کیلیے الیکشن کمیشن کو آزادانہ اختیار ات دیے جائیں تاکہ شفاف الیکشن کروایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن این اے 120کی خالی سیٹ کیلیے تمام پارٹیوں کے امیدواران کا فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور نیب سے ریکارڈچیک کرے تاکہ ٹیکس ادا نہ کرنے والے اور کسی قسم کے کرپشن ا سکینڈل میں ملوث افراد کو نا اہل قرار دے کیونکہ ٹیکس ادا نہ کرنے والے اور کرپشن کرنے والے افراد آرٹیکل 62,63کے دائر ہ کار میں آتے ہیں ۔ عوام اب کرپٹ اور ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کو پہچان چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال کی بنیادی وجہ حکومت کی ناقص پالیسیاں اورکرپشن کے اسکینڈلز ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن اس سیٹ کے الیکشن کیلیے تمام سہولیات اور آسانیاں پیدا کرنے کیلیے ابھی سے تمام اقدامات کا جائزہ لے تاکہ حلقہ کے لوگ باآسانی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔