لاہور(آن لائن)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن قائم کرئے گی۔اس یونیورسٹی کے قیام کا مقصد ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر کیلیے بہترین اسکلڈ ورک فورس تیار کرنا ہے۔ اس طرح نوجوان نسل کی جدید ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن تک رسائی بھی ممکن ہو گی اوراس یونیورسٹی کے طالبعلم دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے یہ بات انہوں نے تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن چائنا کے اشتراک سے لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں صوبائی وزرا شیخ علاؤالدین اور ملک ندیم کامران کے علاوہ چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اوراسکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر رانا مشہود کوتیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی کے مختلف قانونی اورتکنیکی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔رانا مشہود نے تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کی فیکلٹی اور سبجکٹ سپیشلسٹس کی جلد بھرتی کی ہدایت کی اور بتایا کہ اس یونیورسٹی میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے سات مختلف پروگرامز متعارف کروائے جائیں گے صوبائی وزیر انڈسٹریز شیخ علاؤ الدین نے کہا کہ تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام سے ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر کو خصوصی فائدہ پہنچے گا۔